اقتصادی راہداری منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دینگے ،صدر ممنون

اقتصادی راہداری منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دینگے ،صدر ممنون

 اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دونوں اقتصادی راہ داری کی بروقت تعمیر کے لیے پر عزم ہیں اور اس منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔ انھوں نے یہ بات چین کے سابق قونصل جنرل مسٹر ٹینگ اور ان کی اہلیہ پروفیسر ڈاکٹر کونگ جولان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان ہی نہیں بلکہ ملک کے تمام طبقات چین کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے بارے میں مکمل طور پر یکسو ہیں۔اس مقصد کے لیے دونوں ملکوں کے اداروں اور عوام کے درمیان مسلسل رابطے جاری رہنے چاہئیں۔پروفیسر ڈاکٹر کونگ جولان نے اس موقع پر صدر مملکت کو اپنی کتاب بھی پیش کی۔ ڈاکٹر جولان چینی زبان کے علاوہ اردو کی بھی ممتاز ماہر ہیں اور انھوں نے چینی اردو ڈکشنری بھی مرتب کی ہے۔ صدر مملکت نے اپنے گزشتہ دورہ چین کے موقع پر انھیں مشورہ دیا تھا کہ اردو جاننے والوں کی آسانی کے اردو چینی ڈکشنری بھی مرتب ہونی چاہئے۔ ڈاکٹر جولان نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ اردو چینی ڈکشنری پر بھی کام مکمل ہو چکا ہے اور وہ جلد ہی شائع ہوجائے گی۔صدر مملکت نے اس سلسلے میں ڈاکٹر جولان کی لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ علمی منصوبہ دونوں دوست قوموں کو مزید قریب لانے میں مدد دے گا۔مسٹر ٹینگ کراچی میں سابق قونصل جنرل رہے ہیں اور انھوں نے کراچی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔

صدر ممنون

مزید : صفحہ آخر