خبردار،یک ٹیکسٹ میسج آپ کے فون کو آپ ہی کے کنٹرول سے باہر کر سکتاہے
نیویارک (نیوز ڈیسک) اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم کی تاریخ کا بدترین وائرس دنیا بھر کے موبائل صارفین پر حملہ آور ہورہا ہے اور ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف ایک میسج کی صورت میں حملہ آور ہونے والا وائرس دنیا بھر کے تقریباً ایک ارب اینڈرائڈ صارفین کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔حالیہ انکشافات کے مطابق اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم استعمال کرنے والے تقریباً 95 فیصد آلات، جو کہ تقریباً 95 کروڑ ہیں، اس وائرس کے نشانے پر ہیں۔ اس وائرس کو Stagefright کا نام دیا گیا ہے اور اسے اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم والے موبائل فون اور دیگر آلات کیلئے اب تک کا سب سے بڑا خطرہ قرار دیا جارہا ہے۔آپ کے فون پر حملہ آور ہونے کیلئے ہیکر کو آپ کے موبائل فون نمبر کے سوا کچھ درکار نہیں۔ ہیکر کی طرف سے اگر آپ کو وائرس پر مشتمل کوڈ Stagefright ملٹی میڈیا میسج کے ساتھ بھیجا جاتا ہے تو آپ کا فون متاثر ہوجائے گا، یہ خود بخود آف ہوسکتا ہے، اس کی ایپس ہیک کی جاسکتی ہیں، ڈیٹا چوری ہوسکتا ہے اور مائیکروفون اور کیمرے کو ہیکر آن کرکے اپنے کنٹرول میں لے سکتے ہیں۔ سب سے بری بات یہ ہے کہ صارف کو اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ اس کے فون پر وائرس آچکا ہے اور ہیکر اس کے علم میں لائے بغیر پرائیویٹ معلومات چوری کرسکتے ہیں۔گوگل کا کہنا ہے کہ وائرس سے بچاؤ کے لئے مختصر سافٹ ویئر ریلیز کیا جاچکا ہے لیکن ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اینڈرائڈ بے شمار مختلف قسم کے پلیٹ فارمز پر استعمال ہورہا ہے اور سب کمپنیاں اپنے صارفین کو مطلوبہ سافٹ ویئر فارورڈ نہیں کررہی ہیں۔