تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں پولیس ناکے سے چند قدم پہلے ڈکیتی ، ڈاکو بزرگ شہری سے کار چھین کر فرار

تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں پولیس ناکے سے چند قدم پہلے ڈکیتی ، ڈاکو بزرگ ...
تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں پولیس ناکے سے چند قدم پہلے ڈکیتی ، ڈاکو بزرگ شہری سے کار چھین کر فرار

  

لاہور ( کرائم سیل ) تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود میں پولیس ناکے سے چند قدم پہلے دن دیہاڑے ڈاکوبزرگ شہری سے کار چھین کر باآسانی فرار ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے والٹن روڈ پر واقع پیکجز فیکٹری گیٹ نمبر 3 کے سامنے پولیس کا ناکہ موجود تھا لیکن اس ناکے سے کچھ پیچھے دو ڈاکوﺅں نے کار میں سوار ایک بزرگ شہری کو روک لیا ۔ ڈاکوﺅں کی جانب سے اس شہری کو اسلحہ کے زور پر گاڑی سے باہر نکالا گیا اور اس کی گاڑی میں سوار ہو کر قینچی پل سے ہوتے ہوئے کوٹ لکھپت کے علاقے کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کی واردات کے دوران ہی پولیس نے اپنا ناکہ ختم کر دیا لیکن تھانہ فیکٹری ایریا کے چند اہلکار روڈ سے ایک طرف ہوکر تماشہ دیکھتے رہے ۔ ڈکیتی کا شکار ہونے والے شہری نے پٹرولنگ پر موجود ٹریفک وارڈن سے مدد کی درخواست کی لیکن ڈیوٹی پر موجود وارڈن اپنی موٹر سائیکل پر یو ٹرن لیتے ہوئے سڑک کی دوسری جانب ایک ہوٹل میں جا کر بیٹھ گیا ۔ موقع پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈاکوﺅں کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے ۔ دن دیہاڑے ہونے والی ڈکیتی کے کچھ دیر بعد تھانہ فیکٹری ایریا کے ایس ایچ او اور متعلقہ ڈی ایس پی  موقع پر پہنچے اور انہوں نے شہری کو واردات کے خلاف درخواست دینے کا کہا اور انہیں ڈاکو پکڑنے کی یقین دہانی کروائی ۔

شہری کا کہنا تھا کہ پولیس ناکے کے چند قدم پہلے ڈکیتی ہو جانا ان کے لیے انوکھی بات ہے اور انہیں اس بات کا بھی دکھ ہے کہ پولیس اہلکاروں نے موقع پر ان کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا ۔

مزید : لاہور