پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کے فصل خریف کیلئے ایک ارب 65 کروڑ 77 لاکھ کے قرضہ جات جاری

پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کے فصل خریف کیلئے ایک ارب 65 کروڑ 77 لاکھ کے قرضہ ...

  

لاہور (پ ر) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ 26 جولائی 2016ء تک فصل خریف 2016ء کیلئے 9125 کوآپریٹو سوسائٹیز کے 46 ہزار 175 کاشتکار ممبران میں ایک ارب 65 کروڑ 77 لاکھ 88ہزار 51 روپے کے قرضہ جات جاری کر چکا ہے۔ مذکورہ فصل کیلئے بینک یکم اگست 2016ء تک قرضہ جات جاری کر رہا ہے اور اس مد میں بینک نے 2500 ملین روپے کے فنڈز مختص کیے ہوئے ہیں۔ اس کا اظہار سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب شہر یار سلطان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بینک 26 جولائی 2016ء تک فصل ربیع 2015-16ء کی وصولی کی مد میں 95.52 فیصد کے حساب سے ایک ارب 69 کروڑ 77 لاکھ 80 ہزار 952 روپے کی وصولی بھی کر چکا ہے۔

انہوں نے محکمہ امداد باہمی اور بینک کے میدانی عملہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ قرضہ جات کے اجراء اور وصولی کے کام کو مقرر کردہ ہدف کے مطابق مکمل کریں۔ علاوہ ازیں سیکرٹری کوآپریٹوز پنجاب شہر یار سلطان نے ڈینگی خاتمہ مہم کا جائزہ لینے کیلئے متعدد کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کا دورہ کیا اور اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ حکومت پنجاب اور کوآپریٹو پلان کے مطابق تمام انتظامات مکمل کریں۔ صفائی ستھرائی کا بہترین انتظام کریں۔ بارش و دیگر پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ممبران کو اس موذی مرض کے خاتمہ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کریں اور اس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے آگاہی مہم کو تیزی سے آگے بڑھائیں۔ بینرز اور فلیکس اہم جگہوں پر لگائیں۔ سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کریں جس میں احتیاطی تدابیر سے ممبران کو آگاہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والی کوآپریٹو سوسائٹیز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ امداد باہمی کے عملہ کو ہدایت کی کہ وہ تمام کام کی موثر نگرانی کریں۔

مزید :

کامرس -