مارکیٹوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جائیں: شیخ محمد ارشد

مارکیٹوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جائیں: شیخ محمد ارشد

  

لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشدنے مارکیٹوں میں انفراسٹرکچر بالخصوص نکاسی آب کی غیرتسلی بخش صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ صورتحال بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے اور ترقیاتی فنڈز کا قابل ذکر حصہ مارکیٹوں کی بہتری پر بھی خرچ کرے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لاہور کی مارکیٹوں میں اربوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے لیکن وہاں کے تاجروں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے جن میں سے ایک بڑا مسئلہ نکاسی آب کا ناقص نظام بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بڑی بارش کے بعد مارکیٹوں کے تاجروں کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے کیونکہ نکاسی آب کا پرانا سسٹم بارشوں کا بھاری بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں، نتیجتاً بارشوں کا پانی گوداموں، دکانوں اور دفاتر میں شامل ہوکر تباہی مچاتا اور تاجروں کو بھاری مالی نقصان پہنچاتا ہے۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ ہر سال بارشوں کے موسم میں پانی کا مارکیٹوں، دکانوں، گوداموں اور انڈسٹریل یونٹس میں داخل ہوکر تجارتی اشیاء، خام مال ،فرنیچر اور مشینری وغیرہ کو تباہ کرنا معمول کی بات ہے جبکہ شہر بھر میں تجارتی مصنوعات اور خام مال کی آمد و رفت بھی معطل ہوجاتی ہے ، درآمدی مال ہول سیل مارکیٹوں تک نہیں پہنچ پاتا۔

، اس صورتحال کے پیش نظر مارکیٹوں میں نکاسی آب کا نظام بہترین بنانا پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا اہم حصہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پنجاب حکومت صورتحال بہتر بنانے کی کوشش کررہی ہے لیکن بہت تیزرفتاری سے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرین سسٹم بہتر بنانے کے لیے ترقی یافتہ ممالک کی تقلید اور ان کے تجربے سے استفادہ کیا جائے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے ڈرین کے لیے ایکویپمنٹ کی بہتری، نئے اور کشادہ ڈرین سسٹم کی تعمیر اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات اٹھاکر مون سون کے موسم میں شدید بارشوں سے ہونے والی تباہی کو بہت حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

مزید :

کامرس -