سٹیٹ بینک کی متبادلہ توانائی منصوبوں کیلئے قرضوں کی فراہمی کے بارے میں آگاہی مہم
اسلام آباد (اے پی پی)سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر انتظام متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار کے منصوبوں کے لئے قرضوں کی فراہمی اور اس کی اہمیت کے حوالے سے ملک بھر میں آگاہی مہم شروع کی گئی ہے جبکہ مرکزی بینک جرمنی کے ترقیاتی شراکت دار جی آئی زیڈ کے ساتھ ملکر متبادل ذرائع سے توانائی کے پیداواری منصوبوں کے قیام اور بجلی کی بچت کے پروگرام پر بھی عمل پیرا ہے۔ متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور توانائی کی قلت کے مسئلہ کے خاتمہ کے لئے سٹیٹ بینک نے اپنی پالیسی کے تحت ’’گرین بینکنگ سسٹم‘‘ قائم کیا ہے۔ جس کے تحت سٹیٹ بینک آف پاکستان ملک کی اقتصادی شرح نمو میں اضافہ کے لئے اقدامات کررہا ہے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی ‘ رہائشی سہولتوں کی فراہمی اور چھوٹے درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرضوں تک رسائی کے لئے بھی جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ مرکزی بینک جو ملک میں بینکنگ سسٹم کا ریگولیٹر ہے اس نے متبادل ذرائع سے توانائی کے منصوبوں کے قیام کے حوالے سے اپنی پالیسی میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں اور بینکوں و دیگر مالیاتی اداروں کے لئے اس حوالے پالیسی سازی کا کام تیزی سے جاری ہے۔گرین بینکنگ سسٹم کی پالیسی کے تحت مرکزی بینک ملک بھر میں آگاہی مہم چلا رہا ہے جس کے تحٹ ملک کے بڑے شہروں بشمول کراچی ‘ اسلام آباد‘ لاہور ‘ فیصل آباد اور سیالکوٹ میں آگاہی سیمینارز منعقد کروائے جاچکے ہیں جبکہ دیگر شہروں میں بھی اس طرح کے آگاہی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔ جس سے ملک میں گرین بینکنگ کے نظام کی ترقی اور متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ جو توانائی کی قلت کے مسئلہ پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوگا اور قومی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی۔