اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں نے ملک میں ترقی و خوشحالی کی بنیاد رکھی ، لاہور چیمبر

اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں نے ملک میں ترقی و خوشحالی کی بنیاد رکھی ، ...

  

 لاہور (کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا ہے کہ چین پاکستان اکنامک کاریڈور کے تحت جاری منصوبوں نے نہ صرف ترقی و خوشحالی کا سنگ بنیاد رکھا ہے بلکہ چینی تاجرو ں کی پاکستان میں دلچسپی میں بھی نمایاں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں چین کے صوبے شینڈونگ کے نو رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد کے سربراہ وانگ ہان، شینڈونگ چیمبر کے صدر چنگ ژاؤیان اور ژائی جن نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر، سید محسن رضا بخاری، سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ، ایزیکٹو کمیٹی اراکین ماجد علی جاوا، میاں عبدالرزاق، طارق محمود، رضوان اختر شمسی، حاجی محمد اکرم ،سید مختار علی و دیگر اجلاس میں موجود تھے۔ الماس حیدر نے کہا کہ پاکستان غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے اور بالخصوص چینی تاجروں کی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری و تجارت کے لیے یہ بہترین وقت ہے جس سے چینی تاجروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران چینی تاجروں کے بہت سے وفود نے پاکستان کا دورہ کیا ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی چینی تاجروں کی ترجیحات میں شامل ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ پاکستانی حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو بہت سی سہولیات دے رہی ہے جس سے انہیں بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ دونوں ممالک کے بارڈرز ہی مشترک نہیں بلکہ عالمی معاملات پر نکتہ نظر بھی یکساں ہے ۔ دونوں ممالک کی مشترکہ مارکیٹ ڈیڑھ ارب افراد سے زائد پر مشتمل ہے جو باہمی تجارت کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ چینی وفد کے سربراہ نے توقع ظاہر کی کہ وفد کا دورہ کامیاب ہوگا اور انہیں تجارت و سرمایہ کاری کے مزید مواقع اور نئے تجارتی پارٹنرز ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفد کے اراکین پاکستانی تاجروں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ سازی کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور ہر وقت پاکستان میں نئے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

مزید :

کامرس -