مجید نظامی کی برسی کی تقریبات کے سلسلے میں انعامی تقریری مقابلہ

مجید نظامی کی برسی کی تقریبات کے سلسلے میں انعامی تقریری مقابلہ

  

لاہور (اپنے خبر نگار سے) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن‘ آبروئے صحافت ، رہبر پاکستان اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر مجید نظامیؒ کی دوسری برسی کی تقریبات کے سلسلے میں سکولوں کے طلبا و طالبات کے مابین انعامی تقریری مقابلہ بعنوان’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے (قائداعظمؒ )‘‘ منعقد ہوا۔ اس مقابلے میں طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر حمید نظامی پریس انسٹی ٹیوٹ ابصار عبدالعلی، سینئر صحافی دلاور چودھری ، پروفیسر رضوان الحق اور بلال شوکت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ابصار عبدالعلی نے طلبا و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجید نظامیؒ قائداعظمؒ کے قول کے مطابق کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ سمجھتے تھے اور مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد دیکھنا چاہتے تھے۔ دلاور چودھری نے کہا کہ کشمیر کی پاکستان کیلئے بڑی اہمیت ہے اور ہماری زندگی کشمیر کے پانیوں سے ہے۔ کشمیر ہمارا گھر ہے۔ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔بھارتی افواج کشمیری بچوں پر بھی مظالم ڈھا رہی ہے ، کشمیر کو بھارت کے تسلط سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ پروفیسر رضوان الحق نے کہا کہ مجیدنظامیؒ کشمیریوں کے بہت بڑے پشتیبان تھے اور انہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کی سرپرستی ورہنمائی فرمائی ۔کشمیری انہیں اپنا محسن سمجھتے ہیں۔پروگرام کے دوران عبدالرحمن ، امین اور عمار شاہد نے بھارتی مظالم کی عکاسی کرتا ٹیبلو پیش کیا۔ مقابلہ کے منصفین کے فرائض پروفیسررضوان الحق اور عمران نقوی نے انجام دیے۔ منصفین کے نتائج کے مطابق مون پبلک سکول‘ ٹمبر مارکیٹ لاہور کے سیف اللہ جمیل اور سید پبلک ہائی سکول فار گرلز‘لاہور کینٹ کی قیصرہ بتول نے مشترکہ طور پر اول، پاکستان ریلویز بوائز ہائی سکول‘ مغلپورہ لاہور کے زید الرحمن اور سید پبلک ہائی سکول فار گرلز‘لاہور کینٹ کی منیزہ آصف نے مشترکہ طور پر دوئم جبکہ مون پبلک سکول‘ ٹمبر مارکیٹ لاہور کے فاروق شاہد اور سید پبلک ہائی سکول فار گرلز‘لاہور کینٹ کی عائشہ نوید نے مشترکہ طور پر سوئم پوزیشن حاصل کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -