پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی اردو کی کتابوں کے مصنفین تاحال معاوضے سے محروم

Jul 29, 2016

لاہور(ادبی رپورٹر) پنجاب کری کلیم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے موجودہ تعلیمی سال کے آغاز میں چھپنے والی چوتھی اور پانچویں کی اردو کی کتابوں کے مصنفین کو ابھی تک ان کا معاوضہ ادا نہیں کیا۔ یاد رہے کہ پنجاب کری کلیم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے یہ کتاب لاکھوں کی تعداد میں چھاپ کر پنجاب بھر کے سکولوں میں تقسیم کی ہیں اور پرائیویٹ سکولوں کے لئے یہ کتابیں الگ سے بھاری تعداد میں چھاپی گئیں۔ جن کی فروخت جاری ہے۔ یوں بورڈ نے ان کتابوں کی فروخت سے خود تو کروڑوں روپے کما لئے لیکن مصنفین کو ان کے معاوضے کی ادائیگی میں لیت و لعل سے کام لے رہا ہے۔ جس سے مصنفین میں مایوسی پھیل رہی ہے اور انہوں نے بورڈ کے لئے آئندہ کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پتا چلا ہے کہ بورڈ نے کاغذ کے تاجروں، پرنٹنگ پریس والوں ، کمپوزروں، ڈیزائنروں اور دفتری خانوں کی ادائیگی کر دی ہے ۔لیکن مصنفین کا معاوضہ روک رکھا ہے۔
یاد رہے کہ چوتھی اور پانچویں کے مصنفین میں ملک کے نامور شاعر ناصر بشیر، ایوب ندیم اور تابندہ سراج شامل ہیں۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چوتھی پانچویں کے اردو کے مصنفین کے معاوضے کی فائل تیار پڑی ہے لیکن اس پر عمل درآمد کی رفتار سست ہے۔

مزیدخبریں