جیا بٹ پشتو فلموں میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئیں
لاہور(فلم رپورٹر)معروف اداکارہ و ماڈل جیا بٹ پشتو فلموں میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئی ہیں۔جیا بٹ نے نئی فلم ’’ملالہ‘‘میں کام کرنے کے لئے ساڑھے چار لاکھ روپے وصول کئے ہیں جو کہ آج تک کسی بھی اداکارہ کو پشتو فلم کے لئے دیا جانے والا سب سے زیادہ معاوضہ ہے۔فلم’’ملالہ‘‘میں ان کے مقابل ارباز خان اور جہانگیر جانی نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے جیا بٹ نے بتایا کہ میں ایک پروفیشنل اداکارہ ہوں میں نے ہمیشہ اپنے کام سے انصاف کیا ہے اس مقام کو حاصل کرنے کے لئے میں نے اپنے کیرئیر کے دوران دن رات محنت اور لگن سے کام کیا ہے۔جب مجھے اس فلم میں کام کی پیشکش ہوئی تو میں ان سے کہہ دیا تھا کہ میں منہ مانگے معاوضہ پر کام کروں گی جس کے جواب میں پروڈیوسر نے کہا کہ پیسے جتنے مرضی ہوں ہمیں اپنی فلم کے رول کے لئے صرف اور صرف آپ کی ضرورت ہے ۔ایک سوال کے جواب میں جیا بٹ نے بتایا کہ ایک دو روز میں فلم میں میرا کام شروع ہوجائے گا یہ فلم عید قربان کے موقع پر عام نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔