کرپشن کیس ،اشرف مگسی کو عدالت میں پیش کر دیا گیا،گواہ کا بیان قلمبند

کرپشن کیس ،اشرف مگسی کو عدالت میں پیش کر دیا گیا،گواہ کا بیان قلمبند

  

کوئٹہ( اے این این )بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ملزم اشرف مگسی کو عدالت میں پیش کیا گیا، کیس کے گواہ نے بیان قلمبند کرا دیا ٗنیب بلوچستان نے اختیارات کے ناجائز استعمال پر سابق میئرکوئٹہ میر مقبول احمد لہڑی کو گرفتار کرلیا ٗعدالت نے ملزم کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا منظور کرلی ٗ کیس کی سماعت 9اگست تک ملتوی۔ جمعرات کو احتساب عدالت کے جج عبدالمجید ناصر نے کیس کی ، سماعت کے دوران نیب کی جانب سے پبلک سروس کمیش کے سابق چیئرمین اشرف مگسی ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیاز کاکڑ اور ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الوحید کو بھی عدالت میں پیش کیا جبکہ گزشتہ سماعت کے دوران عدالت کا گواہان کو پیش کرنے کے حکم پر نیب نے محمد عامر نامی گوا کو عدالت میں پیش کیا جس نے اپنا بیان قلمبند کرایا ۔محمد عامر کے مطابق 2 اکتوبر 2012 کو نیب نے پبلک سروس کمیشن آفس پر چھاپہ مارا اور اس کی موجودگی میں تمام ریکارڈ قبضے میں لیا ۔ عدالت نے اشرف مگسی کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث 12 اگست تک سماعت ملتوی کر دی ۔واضح رہے قومی احتساب بیورو کے مطابق بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں سیکشن افسر کی 13اسامیوں کیلئے تحریری اور زبانی امتحانات کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ نتائج کے مطابق پہلے نمبر پر کمیشن کے چیئرمین اشرف مگسی کے صاحبزادے اسد مگسی دوسرے نمبر ڈپٹی ڈائریکٹر امتحانات عبد الوحید کے بیٹے، ممبر کمیشن عنایت چنگیزی کے بیٹے اور دیگر بااثر شخصیات کے رشتہ داروں کو کامیاب قرار دیا گیا تھا ۔ دوسری جانب نیب بلوچستان نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے کیس میں سابق میئرکوئٹہ میر مقبول احمد لہڑی کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے بعد احتساب عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل بھجوادیا۔میر مقبول احمد لہڑی کو بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مسترد ہونے پر نیب حکام نے ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتارکیا،گرفتاری کے فوری بعد نیب حکام نے مقبول لہڑی کو احتساب عدالت میں پیش کردیاجہاں ان کی جانب سے ان کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔احتساب عدالت نے یہ استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت نو اگست تک کیلئے ملتوی کردی۔کیس کی سماعت کے دوران مقبول لہڑی کیوکیل نے عدالت سے اپنے موکل کے طبی معائنہ کی درخواست کی ان کا موقف تھا کہ ان کے موکل کے کمرکی ہڈی میں مسئلہ ہے اور اگر ان کاطبی معائنہ نہ کیاگیاتو یہ مفلوج بھی ہوسکتاہے جس پر عدالت نے متعلقہ حکام کو مقبول لہڑی کے طبی معائنہ اورسہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

کرپشن کیس

مزید :

علاقائی -