حکومت اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کیلئے ضروری اقدامات کرے،سی پی این ای
اسلام آباد (پ ر) وفاقی حکومت کا اشتہارات کی تقسیم منصفانہ اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے جبکہ اشتہارات کے واجبات اور رقومات کی ادائیگی کے لئے اخبارات و جرائد کی طرف سے جاری کردہ انوائسز کو بنیاد بنایا جائے گا۔ اس کا اعلان وفاقی سیکریٹری اطلاعات سید عمران گردیزی نے سی پی این ای کے صدر ضیاء شاہد ، سینئر نائب صدر شاہین قریشی اور سیکریٹری جنرل اعجاز الحق کی سربراہی میں سی پی این ای کے اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں پرنٹ میڈیا اور صحافیوں کو درپیش مسائل پر وفاقی سیکریٹری کو سی پی این ای کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ وزارت اطلاعات کی جانب سے میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔ سرکاری اشتہارات کی تقسیم منصفانہ اور شفافیت کی بنیاد پر یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے اور اشتہاری ایجنسیوں کو ادائیگی کے لئے اخبارات و جرائد کی طرف سے جاری کردہ انوائسز کو بنیاد بنایا جائے گاجبکہ سرکاری اشتہارات سے متعلق پی آئی ڈی کی ویب سائٹ پر بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ وفاقی سیکریٹری عمران گردیزی نے اجلاس کو بتایا کہ وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے وفاقی سیکریٹری کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو سی پی این ای سے مل کر ایڈیٹروں اور پرنٹ میڈیا کے مسائل حل کرے گی۔ سی پی این ای نے وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت اسلام آباد میں میڈیا ہاؤسز کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہا لیکن صوبوں میں عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔ سیکریٹری اطلاعات نے اس تشویش کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو تحفظ فراہم کرنا حکومت ہی کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کے عمل کو تیز کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو فوری طور پر متحرک کیا جائے گا۔ انہوں نے سی پی این ای ہاؤس کیلئے پلاٹ کی فراہمی کے حوالے سے وفد کو حکومتی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔سی پی این ای وفد کی جانب سے پی آئی اے اور پاکستان ریلوے میں صحافیوں کو اندرون ملک سفر پر رعائتی ٹکٹ دینے کے انتہائی مشکل طریقہ کار کو سہل بنانے کے لئے متعلقہ اداروں سے مشترکہ طور پر رجوع کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سیکریٹری اطلاعات نے مزید کہا کہ درمیانے، چھوٹے اور علاقائی اخبارات کو اشتہارات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں اخبارات کی رجسٹریشن اور آڈٹ بیورو آف سرکولیشن سے متعلق معاملات بھی اجلاس کے دوران زیر غور آئے جن کے تفصیلی جائزے کے لئے اگست کے مہینے میں دوبارہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ صدر سی پی این ای جناب ضیاء شاہد نے وفاقی سیکریٹری اطلاعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ پرنٹ میڈیا کے دیرینہ تصفیہ طلب مسائل کو جلد حل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی وزارت اطلاعات کے وفد میں ظہور برلاس، راؤ تحسین علی خان، شفقت جلیل، ندیم کیانی اور میاں جہانگیر وزارت کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ سی پی این ای کے وفد میں ضیاء شاہد ، شاہین قریشی، اعجازالحق ، عامر محمود، رحمت علی رازی، انور ساجدی، جمیل اطہر قاضی، ڈاکٹر جبار خٹک ،طاہر فاروق اور محسن بلال نے شرکت کی۔