پنجاب،یوم آزادی کی تیاریاں،پلان سٹیئرنگ کمیٹی کے حوالے

پنجاب،یوم آزادی کی تیاریاں،پلان سٹیئرنگ کمیٹی کے حوالے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار) پنجاب کے تمام محکموں نے یوم پاکستان کے حوالے سے کی گئی تیاریوں کے پلان سٹیئرنگ کمیٹی کے حوالے کر دئیے ہیں۔ تمام محکمے لاہور، راولپنڈی اور ملتان کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز سے اپنے تین تین فلوٹس جن پر یوم آزادی اور آزادی کے بعد ہونے والی ترقی کی جھلکیاں ہوں گی ۔متعلقہ ڈویژنوں کے تمام شہروں اور قصبوں میں بھیجیں گے۔ یوم آزادی پر دیگر تمام صوبوں سے طالبعلموں اور میڈیا کے لوگوں کو لاہور بلا کر یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔ یوم آزادی کی تمام تقریبات کا مشترکہ تھیم تیار کیا جا رہا ہے ۔اس سال نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کے حوالے سے خصوصی پروگرام شامل ہوں گے ۔ یوم آزادی کی تقریبات یکم اگست سے ہی شروع ہو جائیں گی۔ یونین کونسل ، تحصیل ، ضلع اور صوبائی سطح پر سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز میں تقریری و تحریری مقابلے ، سپورٹس کے مقابلے ، سیمنارز ،سمپوزیمز،مشاعرے، ملی ترانوں و مصوری کے مقابلے، قومی پرچم لہرانے اور قومی ترانہ پڑھنے کی تقاریب اور میڈیا پراس روز کی مناسبت سے خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔جن میں تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کرنے والے مشاہیر کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اس امر کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے گزشتہ روز سیکرٹریٹ میں یوم آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن ذکیہ شاہنواز،پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات رانا محمد ارشد،چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن( ر) زاہد سعید ، سکرٹری اطلاعات، سیکرٹری سپورٹس،سیکرٹری آرکائیو اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے اس سال یو م آزادی منفرد طریقے سے منانے کی تیاری کی ہے اس سال اضلاع کی سطح پر مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے والے افراد کو سند فضیلت عطا کی جائیگی۔ یوم آزادی پر موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، عوام دوست اقدامات اور پالیسیوں سے بھی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔محکمہ آرکائیو تحریک پاکستان کے حوالے سے نادر تصاویر اور یادگار اشیا ء کی نمائش کرے گا۔ پبلک لائبریریز میں خصوصی تقاریب ہوں گی جن میں مطالعہ کاذوق و شوق رکھنے والے افراد کوسراہا جائے گا۔ ضلعی او ر ڈویژنل سطح پر تیا ر کیے جانے والے فلوٹس 4اگست تک نمائش کیلئے تیار کر لیے جائیں گے۔ یونین کونسل کی سطح پر نہ صرف قومی پرچم لہرائے جائیں گے بلکہ ساتھ ہی ایک بڑے برقی فلیکس پر متعلقہ یونین کونسل میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا بھی ذکر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سیاسی کارکن بھر پور انداز میں جشن آزادی منانے کی تیاری کریں او ر ان تقریبات میں بھر پور حصہ لیں ۔

مزید :

علاقائی -