ریو اولمپکس،روس کی اولمپک ٹیم کا پہلا دستہ برازیل کیلئے روانہ

ریو اولمپکس،روس کی اولمپک ٹیم کا پہلا دستہ برازیل کیلئے روانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ماسکو(آئی این پی)روس کی اولمپک ٹیم کے70ارکان ریو اولمپکس میں شرکت کے لیے ماسکو سے برازیل کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جبکہ باقی ڈوپنگ کی وجہ سے پابندی کے تحت گھر پر ہی رہیں گے۔روس کی والی بال، ہینڈ بال، باکسنگ، سنکرونائزڈ تیراکی اور ٹیبل ٹینس کی ٹیموں کو جمعرات کو برازیل کے لیے روانہ کیا گیا۔انسداد ڈوپنگ کے ادارے کا مطالبہ ہے کہ روس کی ان کھیلوں میں شرکت پر مکمل پابندی عائد کی جائے لیکن اولمپکس کی بین الاقوامی کمیٹی نے یہ فیصلہ انفرادی طور پر ہر کھیل کی اپنی فیڈریشن پر چھوڑا ہے۔اولمپک کمیٹی کے فیصلے پر انسداد ڈوپنگ کے ادارے کے سربراہ اولیور نِگلی کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مطلب ہے کہ صاف ریکارڈ والے ایتھلیٹس کے لیے کوئی تحفظ نہیں ہے۔ روس کا ارادہ ہے کہ وہ اپنے کم از کم 387 کھلاڑی ریو بھیجیگا تاہم ان میں سے 100 پر اب تک ڈوپنگ کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی ہے۔ٹیموں سے نکالے جانے والے 68 میں سے 67 ایتھلیٹس ہیں۔بعض فیڈریشنز نے روسی کھلاڑیوں پر مکمل جب کہ کچھ نے جزوی پابندی عائد کی ہے تاہم بعض نے روسی کھلاڑیوں کو شرکت کے لیے اجازت دے دی ہے۔ ابھی کئی کے بارے میں فیصلہ ہونا باقی ہے۔روسی صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا ہے روسی ایتھلیٹس کونشانہ بنانے کے لیے جان بوجھ کر مہم چلائی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ روسی حریفوں کی غیر موجودگی میں ریو میں جیتے جانے والے میڈلز اپنی قدر کھو دیں گے۔