شہباز شریف کا چین کے بڑے سرمایہ کاروں کو مفت اراضی دینے کا اعلان

شہباز شریف کا چین کے بڑے سرمایہ کاروں کو مفت اراضی دینے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چین کے بڑے صنعتی ،تجارتی اوراقتصادی شہر چنگ ڈاؤ (Qingdao)میں ’’پنجاب، چنگ ڈاؤ بزنس سیمینار‘‘ سے خطاب کیا۔چینی شہر چنگ ڈاؤ کے وائس مئیر سن لی جیائی (Mr. Sun Lijie) نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ وائس مئیر چنگ ڈاؤ نے اس بزنس سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں چین کی قیادت کی جانب سے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو چین کے بڑے صنعتی، تجارتی و اقتصادی شہر آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے چینی سرمایہ کاروں کیلئے حقیقی معنوں میں انتہائی بہترین ماحول فراہم کیا ہے اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ذاتی دلچسپی سے پنجاب میں چینی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔ چین کے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات متاثر کن اور شاندار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں چینی سرمایہ کاروں کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے دورے سے شین ڈونگ صوبے اور پنجاب صوبے کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں بہت مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ’’پنجاب، چنگ ڈاؤ بزنس سیمینار‘‘ سے اپنے خطاب میں چین کے بڑے سرمایہ کاروں کیلئے صوبے میں سرمایہ کاری پر مفت اراضی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت چینی سرمایہ کاروں کی دل و جان سے قدر کرتی ہے اورپاکستان میں کام کرنے والے چینی ماہرین اور سرمایہ کار پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے ساتھ صنعتوں کی منتقلی کے پروگرام میں چینی صنعتکاروں کو بہترین سہولتیں دیں گے۔سیمینار میں چین کے صنعتکاروں، سرمایہ کاروں، بزنس مینوں اور سرکاری محکموں کے اعلیٰ حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات جہانزیب خان اور سیکرٹری صنعت خالد شیردل نے سیمینار کے شرکاء کو پنجاب حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے بریفنگز دیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج چنگ ڈاؤ (Qingdao)میں چین کے سرمایہ کاروں اورصنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے بعد پاک چین کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے اورتعاون کے اس نئے دور کے پورے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ سی پیک خطے سے دہشت گردی، انتہاپسندی اور غربت کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرے گااور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے نتیجہ میں پاکستانی عوام کیلئے روزگار کے لاتعداد مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر چین کی حکومت، چینی صدر شی جن پنگ (Mr. Xi Jinping) ، وزیراعظم لی کی چیانگ (Mr. Li Keqiang) اور چینی قیادت کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے اور آج دنیا سی پیک کے تحت انرجی منصوبوں پر کام کی رفتار پر دنگ ہے۔ رفتار کیساتھ معیار اور شفافیت ان ترقیاتی منصوبوں کا خاصا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چینی شہر چنگ ڈاؤ میں معروف صنعتی اداروں ہائیر (Haier) اور ہائی سینس گروپ (Hisense Group) کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے دونوں بڑے صنعتی اداروں کے مختلف شعبوں کو معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ کو صنعتی اداروں کی پروڈکشن اوروہاں تیار کی جانے والی اشیاء کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر دونوں بڑے صنعتی اداروں کے اعلی حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی ترقی اورسائنسی اختراع کیساتھ چین کے صنعتی اداروں کاوسائل خلق خدا کیلئے وقف کرنا خوش آئند ہے اورمجھے چینی صنعتکاروں کی جانب سے کم وسائل رکھنے والے طبقات کیلئے وسائل کی فراہمی کا جان کر بہت خوشی ہوئی ہے ،بلاشبہ چینی صنعتکاروں کا یہ جذبہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ وسائل رکھنے والوں کامحروم معیشت طبقات کیلئے وسائل دینابڑی نیکی ہے اوراس ضمن میں پاکستان کے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو بھی کم وسیلہ طبقات کی مدد کیلئے آگے آنا چاہیے کیونکہ خلق خدا کی خدمت ہی انسان کی تخلیق کا مقصد ہے اور مجھے امید ہے کہ پاکستان کے صنعتکار اورسرمایہ کار خلق خدا کیلئے وسائل کی فراہمی میں اپنا بھر پور کردارادا کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ چنگ ڈاؤ(Qingdao) کے سیکرٹری لی چن (Mr. Li Qun)سے ملاقات کی۔ملاقات کے موقع پر پنجاب حکومت اورچنگ ڈاؤ کے مابین معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پردستخط کیے گئے،جن کے تحت پنجاب اور چنگ ڈاؤ کے مابین تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیاجائے گااوریہ مشترکہ ورکنگ گروپ مختلف شعبو ں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے نئے امکانات کا جائزہ لے گا۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ،محکمہ صنعت پنجاب اورچنگ ڈاؤکے مابین بھی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔پنجاب کے سرمایہ کاروں اور چنگ ڈاؤ کے سرمایہ کاروں کے مابین بھی معاہدوں اور مفاہمت یادداشتوں پر دستخط ہوئے ۔جن کے تحت پنجاب میں اکنامک زونز کے قیام ،ٹیکسٹائل سیکٹر ، ٹرانسپورٹ ،انڈسٹریل اسٹیٹس، انفراسٹرکچر،ای کامرس، فنی وووکیشنل تربیت اوردیگرشعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہچین کی ترقی کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی فراست، قیادت کی اہلیت اور عوام کی محنت کی مرہون منت ہے۔اس عظیم الشان ترقی میں دنیا بھر کے ترقی پذیر ممالک کیلئے پیروی کا سامان موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سی پیک کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کیلئے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے کردار پر پارٹی رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں جس اعتماد کے ساتھ چین آیا تھا ،اس سے دگنا اعتماد لے کرواپس جارہا ہوں۔سیکرٹری کیمونسٹ پارٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پاک چین دوستی کو فروغ دینے میں نمایاں کردارادا کیا ہے ۔کیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری اورچنگ ڈاؤ شہر کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اوران کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے رہنما ووزیر زینگ ژیاؤ سانگ (Mr. Zheng Xiaosong) ،اعلی عہدیداران،وائس مےئرچنگ ڈاؤ سن لی جیائی،ڈی جی فارن افےئرز چنگ ڈاؤ،اعلی سرکاری حکام اورپاکستان کے وفد کے اراکین کے علاوہ چینی و پاکستانی بزنس مینوں کی بڑی تعداد نے عشائیہ میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کے دورہ چین کے دوران مجموعی طورپر45معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔جن میں20معاہدے اور25مفاہمت کی یادداشتیں ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چین سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے اغواء کی وارداتوں کی روک تھام پرخصوصی توجہ مرکوز کی جائے اور بچوں کے اغوا میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں نشان عبرت بنایا جائے۔وزیراعلیٰ نے ایسی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیسوں پر ہونے والی پیشرفت سے باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اغواء ہونے والے بچوں کے والدین کے دکھ کو سمجھتا ہوں، اس لئے بچوں کی بازیابی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بس اڈوں ، ریلوے سٹیشنوں اور رش والے مقامات کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور اغواء کی وارداتوں کا ہر پہلو سے تجزیہ بھی کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے رحیم یار خان میں ٹارچر سیل میں شہریوں پر تشدد کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او رحیم یار خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے اورٹارچر سیل بناکر تشدد کرنے والے افراد کیخلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ملزم خواہ جتنے بھی بااثر ہو ں،قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ٹارچرسیل بنا کر شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانا ایک افسوسناک امر ہے اورجن عناصر نے ٹارچر سیل بناکر شہریوں پر تشدد کیا ہے، انہیں قانون کے تحت اپنے کیے کی سزاضرورت ملے گی۔




مزید :

صفحہ اول -