کویت کے رکن پارلیمان کو سعودی عرب اور بحرین کی توہین پر 14 سال قید
کویت سٹی (اے پی پی) کویت میں ایک عدالت نے رکن پارلیمان عبدالحمید دشتی کو سعودی عرب اور بحرین کی توہین کے الزام میں قائم مقدمے میں قصور وار قرار دے کر چودہ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ان کے خلاف کویت کی عدلیہ کی توہین کے الزام میں بھی مقدمہ چلایا گیا ہے۔کویت کی قومی اسمبلی نے مارچ میں عبدالحمید دشتی کو حاصل پارلیمانی استثنیٰ ختم کردیا تھا اور یہ اقدام ان کے خلاف داخلی سلامتی کی بنیاد پر قانونی چارہ جوئی کے لیے دائر درخواست پر کیا گیا تھا۔عدالت میں اس کے بعد رکن پارلیمان کے خلاف سعودی عرب اور بحرین کے خلاف اشتعال انگیزی پھیلانے کے الزام میں چلایا گیا ہے۔کویتی قانون کے تحت جو کوئی بھی فرد کسی دوسرے ملک کے خلاف مخالفانہ کارروائی میں قصور وار قرار دیا جائے،اس کو جیل کی سزا دی جائے گی۔اس مخالفانہ فعل سے یہ مراد ہے کہ اس سے کویت اس ملک کے ساتھ حالت جنگ میں آجائے یا اس سے سفارتی تعلقات منقطع ہوجائیں۔عبدالحمید دشتی نے شام کے الاخباریہ ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں 24 فروری کو سعودی عرب کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی اور تندوتیز زبان استعمال کی تھی۔اس پر کویت میں سعودی سفارت خانے نے وزارت خارجہ سے باضابطہ طور پر احتجاج کیا تھا اور ایک سرکاری میمو بھیجا تھا۔اس میں سعودی سفیر عبدالعزیز الفائز نے ریاست کویت کی وزارت خارجہ امور کی توجہ عبدالحمید دشتی کے سعودی عرب کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کی جانب دلائی تھی۔