این ٹی ڈی سی نے 500 کے وی نوکھر،لاہور ٹرانسمیشن لائن بحال کردی
لاہور (پ ر)نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے انجینئرز نے 500کے وی نیو گکھڑ - لاہور ٹرانسمیشن لائن سرکٹ - II کے تباہ ہونے والے8ٹاورز کی مرمت اور آپٹیکل فائبر گراؤنڈ وائر (OPGW) کی تنصیب کے بعدبحالی کا کام مکمل کر کے ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی ترسیل شروع کردی ۔5اور 6جولائی 2016کی درمیانی رات لاہور سے تقریباً 90کلومیٹر حافظ آباد کے قریب مذکورہ ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور نمبر37تا 44 شدید آندھی اور طوفانی بارش کے باعث گر گئے تھے ۔ این ٹی ڈی سی انجینئرز نے چاند رات سے ہی ہنگامی بنیادوں پر ٹاورزکی بحالی کا کام شروع کردیااور اسیمبلنگ ، اریکشن ، سٹرنگنگ کا کام 23دنوں میں مکمل کرکے ٹرانسمیشن لائن کو انرجا ئز کردیا گیا۔ یہ کام شدید موسمی حالات، تیز دھوپ اور چاول کی فصل میں کھڑے پانی اور کیچڑ کے باوجود ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا گیا جبکہ مون سون بارشوں اور گیلے کھیتوں میں سٹرنگنگ (ٹاورز پر تاریں بچھانے کا عمل)کیلئے ٹریکٹرز اور کرینوں کو سائٹ پر لے جانا بھی دشوار ترین تھا۔مینجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض احمد چودھری نے بحالی کا کام مکمل کرنے پر این ٹی ڈی سی انجینئرز کی کاوشوں کو سراہا۔ مذکورہ ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی ترسیل سے لیسکو، گیپکو اور فیسکو کے بجلی صارفین کیلئے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی ہوگی ۔