رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہو گیا ، سید مراد علی شاہ

رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہو گیا ، سید مراد علی شاہ

  

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے نامزد وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ صوبے میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہوگیا ہے،جمعہ کو سندھ اسمبلی میں پالیسی بیان دوں گا ۔پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی وزیر گیان چند کی جانب سے سابق وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ اور نامزد وزیراعلی سیدمراد علی شاہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں پیپلزپارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی سمیت رہنماؤں نے شرکت کی ۔عشایئے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ بھی شریک تھے۔اس موقع پر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے نامزد وزیر اعلی سید مراد علی شاہ نے کہا کہ فوجی جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس ہے،کراچی آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پالیسی بیان دوں گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے ارکان کے ناموں کا اعلان بھی سندھ اسمبلی میں ہی کروں گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سندھ میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہوگیا ہے۔اس موقع پر خورشید شاہ نے بھی میڈیا سے مختصر بات کی جس میں انہوں نے کہاکہ ہمارا وزیراعلی سندھ کی خدمت کرے گا، پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، عوام کی خدمت کرنے کے لیے ایک شاہ اور آیا ہے جو ان کی خدمت کرے گا۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -