وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے کیلئے پیپلز پارٹی ،تحریک انصاف کے درمیان آج مقابلہ ہوگا،مراد علی شاہ کا وزیراعلیٰ منتخب ہونے کا قوی امکان

وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے کیلئے پیپلز پارٹی ،تحریک انصاف کے درمیان آج مقابلہ ...

  

کراچی (این این آئی)سندھ اسمبلی میں آج (جمعہ) وزیراعلیٰ کے عہدے کے لئے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ایم کیو ایم نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ کا وزیراعلیٰ منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے بعد حلف برداری کی تقریب بھی جمعہ کو ہی گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کریں گے ۔وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے پیپلزپارٹی کے امیدوار سید مراد علی شاہ اور تحریک انصاف کے امیدوار خرم شیرزمان کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کی تعداد 91ہے جبکہ تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں 3ارکان ہیں ۔توقع ہے کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ سندھ اسمبلی کے 168 کے ایوان میں 86سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ منتخب ہوجائیں گے ۔گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العبا د خان نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے ۔سندھ اسمبلی میں جمعرات کو وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی صبح 9بجے سے شام 5بجے تک اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائے گئے ۔پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے چار کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔جانچ پڑتال کے بعد چاروں کاغذات درست قرار دیئے گئے ۔سید مراد علی شاہ کے تجویز کنندہ قائم علی شاہ جبکہ تائید کنندہ نثار احمد کھوڑو تھے۔پیپلزپارٹی کے ڈاکٹرسکندر میندھرو نے کورنگ امیدوار کے طورپر کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ دوسرے کورنگ امیدوار جام مہتاب ڈہر تھے ۔ دونوں کورنگ امیدواروں کے کاغذات بھی درست قرار پائے گئے ۔تحریک انصاف کے امیدوار خرم شیر زمان کے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی بھی جانچ پڑتال کے بعد درست قرار دے دیئے گئے ۔اس طرح وزرات اعلیٰ کے لیے تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے گئے ۔ بعد ازاں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے 7 کاغذات نامزدگی موصول ہوئے تھے ، جو درست قرار پائے گئے ہیں ۔ ان میں 4 کاغذات نامزدگی سید مراد علی شاہ کے تھے جبکہ تین کاغذات نامزدگی خرم شیر زمان ، جام مہتاب حسین ڈاہر اور ڈاکٹر سکندر میندھرو کے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے قائد ایوان کا انتخاب جمعہ کو سہ پہر تین بجے سندھ اسمبلی میں شو آف ہینڈ کے ذریعہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے قائد ایوان کو اسمبلی کے کل ارکان کی سادہ اکثریت نہیں بلکہ اسمبلی میں اس وقت موجود ارکان کی سادہ اکثریت کی ضرورت ہو گی ۔ اس سوال پر کہ منتخب وزیر اعلیٰ اعتماد کا ووٹ کب لیں گے ؟ آغا سراج درانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے جو رائے شماری ہو گی ، وہی ان کے لیے اعتماد کا ووٹ بھی تصور ہو گی ۔ دریں اثناء یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام ارکان سندھ اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ جمعہ کو ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں اور وزیراعلیٰ کے انتخاب میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -