جامعات کی ترقی کی راہ میں کسی رکاوٹ کو حائل نہ ہونے دیا جائے ، پرویز خٹک

جامعات کی ترقی کی راہ میں کسی رکاوٹ کو حائل نہ ہونے دیا جائے ، پرویز خٹک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور کے نئے اکیڈمک بلاک کو مرحلہ وار تعمیر کرنے اور آڈیٹوریم کی تعمیر کیلئے ماسٹر پلان کے مطابق مگر قابل توسیع ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کی باونڈری وال اور انٹری گیٹ کی تعمیرکیلئے بھی کیس تیار کرکے بھیجنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے صوبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم و تحقیق اور علم دوست ماحول کی فراہمی پر بھر پور توجہ دینے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہاکہ جامعات کی ترقی کی راہ میں کسی رکاوٹ کو حائل نہ ہونے دیا جائے تاکہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کی تیاری ممکن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں وائس چانسلر بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ اور وائس چانسلر با چا خان یونیورسٹی چارسدہ ڈاکٹر فضل رحیم مروت سے گفتگو کے دوران کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ، چیف پراجیکٹ آفیسر ہائیر ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ نے مذکورہ جامعات کی پراگرس اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیلات طلب کیں انہوں نے ہدایت کی کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم و تحقیق کے مناسب ماحول کو یقینی بنانے کیلئے دستیاب وسائل کو شفاف طریقے سے بروئے کار لایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے یونیورسٹیوں کے اعلیٰ حکام کو تجویز دی کہ وہ کمرشل پراپرٹی کو استعمال میں لائیں جس سے آمدنی کا ایک مستقل راستہ نکل آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت تمام محکموں کو اس سلسلے میں پہلے سے ہی ہدایا ت جاری کر چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اصل مقصد سرکاری اثاثوں کو صوبے کے وسیع تر مفاد میں استعمال کرنا ہے اور اس اقدام سے متعلقہ محکموں اور اداروں کو درپیش مالی مسائل سے نمٹنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی ۔
پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ضلع نوشہر ہ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اووربلنگ کے خاتمے کیلئے ذمہ داران کو اقدامات کرنے اور قابل عمل طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے ٹرانسفارمرز اور فیڈرز کی تنصیب کے کام کو جلد مکمل کرنے اور بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کرنے کا حکم بھی دیا ہے انہوں نے پورے صوبے میں بجلی کی ترسیل، لوڈشیڈنگ کم سے کم کرنے، فرسودہ ٹرانسمیشن لائن کی مرمت، ٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور بجلی کی مسلسل ترسیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے قابل عمل طریق کار وضع کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو ناروالوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جا سکے۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، ایم پی ایز میاں خلیق الرحمن ، ادریس خٹک ، چیف ایگز یکٹیو پیسکو اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام سے ضلع نوشہرہ میں ٹرانسفارمرز اور فیڈرز کی تنصیب پر پیش رفت طلب کی اور ہدایت کی کہ کام بروقت مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے امان گڑھ، پبی اور جہانگیر ہ میں نئے بجلی ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا عمل دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ متعلقہ لائن مین بجلی چوری کے خاتمے کیلئے اپنی ذمہ داری اداکریں اورکنڈے اُتارنے کے لئے آپریشن کریں ۔ دوبارہ کنڈے لگانے والوں کے خلاف قانونی ایکشن لیں اور ماہانہ بنیاد پر کاروائی کی رپورٹ ارسال کریں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے عوام کو واپڈا سے بے پناہ جائز شکایات ہیں ان کے خاتمے اور خصوصاً اور بلنگ کے خاتمے اور بقایا جات کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے منظم طریق کار وضع کیا جائے تاکہ ایک بار ادا شدہ رقم بل میں دوبارہ شامل نہ کی جائے کیونکہ اس کی تصحیح کیلئے عوام کو بارہاد فاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں نتیجتاً وہ واجبات کی ادائیگی ہی نہیں کرپاتے اور بقایا جات جمع ہوتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹرانسفارمر خراب ہو نے کی صورت میں بجلی کی بحالی کیلئے متبادل بندوبست کا بھی طریق کار وضع کریں اور خراب شدہ ٹرانسفارمر کی مرمت میں تاخیر نہ کی جائے ۔ واپڈا حکام یہ کل وقتی ہدایت سمجھ لیں کہ صوبے کے عوام کی مشکلات میں اضافہ کبھی قابل قبول نہیں واپڈا کی وجہ سے صوبے میں امن و امان کے مسائل جنم لیتے ہیں چیف پیسکو نے متعلقہ حکام کو یکم اگست سے کنڈوں کے خلاف باضابطہ آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔