صوبائی حکومت تحصیل خطبہ کیلئے پیشہ ورانہ ذمہداریوں کا تعین کر رہی ہے ، حبیب الرحمان
پشاور( پاکستان نیوز)سینئر صوبائی وزیربلدیات عنایت اللہ کی قیادت میں تحصیل خطباء کے 35 رکنی نمائندہ وفد نے جمعرات کے روز صوبائی وزیر مذہبی امور حبیب الرحمان سے پشاور میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر تحصیل خطباء کی ملازمت کی مستقل اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر مذہبی امور حبیب الرحمان نے کہا کہ تحصیل خطباء کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبائی وزراء نے علماء کرم سے اپیل کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کریں اور معاشرے کی اصلاح میں حکومت کا بھر پور ساتھ دیں۔ انہوں ے کہا کہ مذہبی اور اقلیتی امور کے لئے بجٹ میں 20کروڑ روپے رکھے گئے ہیں اور حکومت اوقاف اور حج کے محکموں میں ضروری اصلاحات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام امت مسلمہ کو متحد کرنے میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ عادلانہ نظام کے نفاذ اور دین کی اشاعت و فروغ کے لئے بھی کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف میں ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کا خیال نہیں رکھا اور مساجد میں خادم بغیر کسی میرٹ کے بھرتی کئے گئے۔ صوبائی وزیر مذہبی امور نے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر اوقاف کوہدایت کی کہ وہ تحصیل خطباء کی ریگولرائزیشن اور ان کے سروس سٹرکچر کا کیس تیار کرنے کے لئے کاروائی شروع کریں تا کہ اسے عملی جامہ پہنایا جا سکے۔