سپورٹس کمپلیکس کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں ، محمود خان

سپورٹس کمپلیکس کے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں ، محمود خان

  

 پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و ثقافت اور امور نوجوانان محمود خان نے محکمہ سپورٹس کے حکام سے کہا ہے کہ وہ صوبہ بھر کی تمام تحصیلوں کی سطح پر سپورٹس کمپلیکس کے منصوبے پر تعمیراتی کام تیز کرکے جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کے تاخیری حربے اور رکاوٹوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، کیونکہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو جسمانی نشوونما کے لئے کھیل کود کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں زیر تعمیر تحصیل سپورٹس کمپلیکس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکریٹری سپورٹس عادل خان صافی اور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں تحصیل سپورٹس کمپلیکس پر تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس خیبرپختونخو ا نے بتایا کہ 4ارب روپے کی لاگت سے صوبے کی تمام تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جاررہے ہیں جن میں 34مکمل ہو چکے ہیں اور 4پر عنقریب تعمیراتی کام مکمل کیاجائے گا۔ صوبائی وزیرنے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی نوجوانوں کو غیر نصابی سرگرمیوں کے لئے تحصیلوں کی سطح پر مواقع پر فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کیلئے تحصیلوں کی سطح پر سپورٹس کمپلیکس کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم منصوبے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -