بھارت میں برکھادت جیسے اچھے لوگ بھی ہیں، دہشتگردی چھپانے کیلئے مجھ پر جوابی الزامات لگتے ہیں: حافظ سعید
نئی دہلی(ویب ڈیسک) جماعۃ الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ کشیدگی کی لہر کیخلاف آواز اٹھانے پر بھارتی صحافی برکھادت کی تعریف کی، نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب میں کشمیر کے حوالے سے بات کرتا ہوں تو ہندوستان اپنے مظالم اور دہشت گرد کارروائیاں چھپانے کیلئے مجھ پر الزام لگاتا ہے لیکن بھارت میں برکھادت جیسے اچھے لوگ بھی موجود ہیں۔
یادرہے کہ بھارتی سینئر صحافی برکھادت نے کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف بات کی، جس پر انہیں ”ٹائمز ناﺅ‘ کے صدر ارناب گو سوامی نے اپنے پروگرام میں تنقید کا نشانہ بنایا ، انہوں نے اپنے پروگرام میں کہا کہ کب تک ہم ان عناصر کے خلاف خاموش رہیں گے؟ کیا یہ لوگ ہماری قومی سلامتی پر سمجھوتہ کرتے ہیں یا نہیں؟ ہم ان کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے؟ انھوں نے کہا میڈیا کا یہ حلقہ جموں و کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کو بدنام کر رہا ہے۔ یہ لوگ کشمیریوں کو آواز اٹھانے کے نام پر پاکستان کے مﺅقف کی حمایت کرتے ہیں ، یہ براہ راست یا بالواسطہ طور پر آئی ایس آئی کی حمایت کر رہے ہیں ، اور حافظ سعید کی حمایت کر رہے ہیں، برکھادت نے اپنے فیس بک پیج پر ارنب کو جواب دیتے ہوئے لکھا ’ٹائمز ناﺅ میڈیا کی آواز دبانے اور صحافیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہا ہے ، یہ آدمی صحافی ہے ؟ مجھے شرم آتی ہے کہ ہمارا پیشہ ایک ہے۔
وہ پاکستان سے بات چیت کی وکالت کرنے والوں پر تنقید کرتے ہیں لیکن کشمیر میں بی جے پی اور پی ڈی پی کی حکومت کا ذکر نہیں کرتے جو پاکستان اور علیحدگی پسند حریت سے بات کرنے کی پابند ہے ۔