جنرل راحیل شریف کی چینی سفیر کے ہمراہ سٹیج پر آمد ، خواتین سمیت سب کی توجہ کا مرکز، روایت کیخلاف پاکستانی ترانہ پہلے بجایا گیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے 89 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں چینی سفارتخانے کی مسلح افواج کے اتاشی میجر جنرل کی ہو جن نے مقامی ہوٹل میں پرتکلف استقبالئے کا اہتمام کیا جس میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف مہمان خصوصی تھے ، پہلی مرتبہ اس تقریب میں پاکستان کا قومی ترانہ پہلے بجایا گیا، روایت کے مطابق میزبان ملک کا قومی ترانہ بعد میں بجایا جاتاہے لیکن پاکستان کیلئے غیر معمولی تعظیم کی خاطر ایسا کیا گیا۔
صالح ظافر نے روزنامہ جنگ میں لکھا کہ استقبالیہ کے موقع پر سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے تھے ، کیک کاٹنے کی روایتی تقریب جنرل راحیل شریف، میزبان سفیر، جنرل احسان الحق اور قومی سلامتی کے لیے وزیراعظم کے مشیر جنرل ناصر خان جنجوعہ نے ایک ساتھ انجام دیا۔ رواں سال کی یہ اولین سفارتی تقریب تھی جس میں جنرل راحیل شریف شریک ہوئے۔
استقبالیہ عشائیے میں مہمانوں کی تواضع بھی مچھلی، مٹن قورمے، سبزیوں کے آمیزے ، مرچ گوشت ، ابلی مچھلی اور گوشت کے پکوانوں سے کی گئی۔ مہمانوں کے تواضع کیلئے پلاﺅ اور روٹی/نان کا الگ بندوبست تھا جبکہ چھ قسم کا میٹھا بھی پیش کیا گیا۔ پوری تقریب میں مہمانوں کی توجہ کا مرکز جنرل راحیل شریف تھے۔
تقریب میں بچے بھی بڑی تعداد میں اپنے مہمان والدین کے ہمراہ آئے تھے ۔ یہاں آرمی چیف نے کئی مہمانوں سے مختصر اور ہلکی پھلکی گفتگو کی ان میں آئی ایس آئی کے مرحوم سربراہ جنرل حمید گل کے صاجزادے عبداللہ گل اور ان کی نواسی آمنہ بھی شامل تھے جنرل راحیل نے مرحوم جنرل کی اہلیہ اور دیگر اہلخانہ کی خیروعافیت دریافت کی۔
جنرل راحیل شریف بدھ کی شام کو ہی مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے وطن واپس پہنچے تھے۔
اس موقع پر کم و بیش ڈیڑھ سو مہمانوں نے فرمائش کر کے جنرل راحیل کے ساتھ الگ الگ تصاویر اتروائیں ۔ کئی خواتین بھی جنرل راحیل شریف کو ان کی بہادری اور پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ان کے عزم و ارادے کی تعریف کر رہی تھیں اور انہیں دعائیں دے رہی تھیں ۔ قبل ازیں جنرل راحیل شریف کو سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے جنرل کی ہو جن نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے وطن کے دفاع میں جس قدر مستعد اور پرجوش ہیں وہ حددرجہ لائق تعریف ہیں۔