تھانوں کا ماحول خوشگوار بنانے کیلئے پودے لگائے جائیں،اشفاق خان

تھانوں کا ماحول خوشگوار بنانے کیلئے پودے لگائے جائیں،اشفاق خان

  

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے کہا ہے کہ تھانوں کا ماحول پرُفضاء اور خوشگوار بنانے کیلئے پھولدار درخت اور پودے لگائے جائیں۔ ایس ایچ اوز مخصوص کردہ اوقات میں خود سائلین کے مسائل سنیں اشفاق خان نے کہا کہ پولیس افسران و جوان شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، مسائل کی داد رسی کے لئے سرتوڑ کوششیں کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ غالب مارکیٹ کے دورہ کے موقع پرپولیس افسران سے گفتگو کے دوران کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے تھانہ کے فرنٹ ڈیسک، رپورٹنگ روم، حوالات، ریکارڈ روم سمیت مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ایس ایچ او غالب مارکیٹ انسپکٹرمحمد آصف عطاء اور دیگر پولیس افسران اس موقع پر موجودتھے۔ایس ایچ او غالب مارکیٹ نے ڈی آئی جی آپریشنز کو تھانہ کے کرائم کنٹرول اور دیگر امور بارے بریفنگ دی۔اشفاق خان نے تھانے کا ریکارڈ، رجسٹرز، عملے کی حاضری اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے کہا کہ کرائم کنٹرول اور ضابطہ اخلاق کی پابندی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔پولیس افسران کرائم کنٹرول کے لئے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تھانے محکمہ پولیس کا آئینہ ہیں،حسن سلوک اور پیشہ ورانہ کارکردگی سے مثبت تشخص اُجاگر کریں۔

مزید :

علاقائی -