اوکاڑہ میں پہلی یوتھ بیس بال اکیڈمی کھولی جائیگی

اوکاڑہ میں پہلی یوتھ بیس بال اکیڈمی کھولی جائیگی

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان فیڈریشن بیس بال 9اگست کو اوکاڑہ میں پہلی یوتھ بیس بال اکیڈمی کھولے گی۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیس بال پاکستان کے مقبول ترین کھیلوں میں شامل ہورہا ہے۔پاکستان میں بیس بال سکول، کالج اور یونیورسٹی لیول پر کھیلی جارہی ہے۔ پاکستان کی مختلف ایج کیٹیگریز کی یوتھ ٹیمیں باقاعدگی کے ساتھ انٹر نیشنل مقابلوں میں شرکت کررہی ہیں جن میں انڈر 12، انڈر 15اور انڈر 18کی ٹیمیں شامل ہیں۔

فخر شاہ کے مطابق فیڈریشن پچھلے دس سال سے ملک میں یوتھ بیس بال کی ڈیویلپمنٹ کے لئے کام کررہی تھی لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں بیس بال کی ایکٹویٹیز نہ ہونے کی وجہ سے یوتھ ڈیویلپمنٹ کا کام رک گیاہے۔ اس سال پاکستان کی انڈر12اور انڈر18ٹیموں نے ایشین بیس بال چیمپئن شپس میں شرکت کرنی ہے اور اگر کرونا کی وجہ سے یہ ایونٹس مزید لیٹ ہوتے ہیں یا ملتوی ہوجاتے ہیں تو یوتھ بیس بال کا بہت نقصان ہوگا۔ سید فخر علی شاہ نے بتایا کہ میری فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید صاحب کے ساتھ ویڈیو لنک میں اس مسئلے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ شوکت جاوید صاحب نے اس مسئلے پر پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں یوتھ بیس بال اکیڈمیز قائم کرنے کا حکم دیا۔ شوکت جاوید کے مطابق چونکہ کرونا وائرس کی وجہ سے بیس بال کی ایکٹویٹیز رکی ہوئی ہیں اور کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لئے کیمپس بھی نہیں لگائے جارہے تو بہتر ہوگا کہ مختلف شہروں میں بیس بال کی اکیڈمیز قائم کی جائیں جہاں کوالیفائیڈ کوچز کی زیر نگرانی نوجوان کھلاڑی اپنی ٹریننگ کریں تاکہ اس وبا کے خاتمے کے بعد جب ٹورنامنٹس کی نئی ڈیٹس کا اعلان ہوتو ہمارے پاس تیار کھلاڑی موجود ہوں جن میں سے بہترین کھلاڑی سلیکٹ کرکے ہم ایونٹ میں شرکت کرسکیں۔ شوکت جاویدکا مزید کہنا تھا کہ اوکاڑہ میں پہلی بیس بال اکیڈمی کا افتتاح عید کے فوراً بعد اگست کی 9تاریخ کو کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کے نائب صدر محمد حمود لکھوی جن کا تعلق ضلع اوکاڑہ سے ہے اُن کی زیرنگرانی یہ بیس بال اکیڈمی قائم کی جائے گی۔ اس کے بعد اگلے تین ماہ کے اندر فیصل آباد، جھنگ، گوجرانوالہ، بہاولپور، حیدرآباد اور کوئٹہ میں بھی یوتھ بیس بال اکیڈمیز قائم کردی جائیں گی۔ یاد رہے کہ لاہور میں بحریہ ٹاؤن کے تحت یوتھ بیس بال اکیڈمی پہلے سے ہی کام کررہی ہے جس میں ٹریننگ حاصل کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں نے کئی انٹر نیشنل مقابلوں میں حصہ لیا ہے اور ملک وقوم کانام روشن کیا ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -