ایل ڈی اے کے گریڈ 16تک کے تمام ملازمین کو عید الاؤنس دینے کی منظوری

ایل ڈی اے کے گریڈ 16تک کے تمام ملازمین کو عید الاؤنس دینے کی منظوری

  

لاہور (جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئر مین ایس ایم عمران نے ایل ڈی اے (یو ڈی ونگ)‘واسا اور ٹیپا کے ملازمین کو دیئے جانے والے عید اور یوٹیلیٹی الاؤنس میں تفاوت کا نو ٹس لیتے ہوئے تینوں اداروں کے گریڈ 1سے 16کے ملازمین کو یکساں شرح سے یہ الاؤنسز دینے کی ہدایت کی ہے۔واسا اور ٹیپا کے ملازمین کے الاؤنسز میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ایل ڈ ی اے گورننگ باڈی کے اجلاس میں واسا کے سب انجینئرز کو تین ہزار روپے ماہانہ فیلڈ الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا چوتھا اجلاس وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیر صدارت ہوا۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے شرکاء کو گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایل ڈ ی اے سٹی کے لے آؤٹ پلان میں ترمیم کرنے‘وزیراعظم کے ویژن کے تحت موضع ہلوکی میں سستے اپارٹمنٹس تعمیر کرنے‘اس منصوبے کا نام ایل ڈ ی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس رکھنے‘اپارٹمنٹس کی پانچ کیٹیگریوں ان کے ڈیزائن اور اس منصوبے کے لئے حصول اراضی کے طریقہ کار کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں تعمیراتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے پرائیویٹ رہائشی سکیموں میں ستونو ں کے بغیر تین منزلوں تک بنائی جانے والی رہائشی عمارتوں کی آئندہ چھ ماہ تک عبوری اجازت نقشہ جمع کروانے کے موقع پر ہی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کورونا سے پید ا شدہ صورتحال میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی نقشہ فیس چار مساوی سہ ماہی قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت دینے کی بھی منظوری دی گئی۔اس کے علاوہ فلاحی تنظیموں کی طر ف سے پلاٹوں کا لینڈ یوز تبدیل کر کے انہیں تعلیمی اداروں اور ہسپتال وغیرہ کے مقاصد کے لئے استعمال کرنے پرواسا کو ادا کئے جانے والے سیوریج آگومینٹیشن چارجز میں 25فیصد رعایت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں ایل ڈ ی اے کے ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام طے شدہ معیار کے مطابق یقینی بنانے اور اسے بروقت مکمل کرنے کے لئے موزوں تجربے کے حامل کنٹریکٹرز کی متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت انلسٹمنٹ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ایل ڈی اے سکیموں میں واقع پلاٹوں کی ملکیتی فائلوں کی سکروٹنی کا کام تیز کرنے کے لئے باقاعدہ ریکارڈ سفٹنگ ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔گورننگ باڈی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی لاہور سے سعدیہ سہیل رانا‘ شیخوپورہ سے عمرآفتاب ڈھلوں اور ننکانہ صاحب سے محمد عاطف کے علاوہ وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود،میجر ریٹائرڈ سید برہان علی، انجینئر عامر ریاض قریشی،ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز اور صوبائی محکمہ ہاؤسنگ، بلدیات، فنانس،پی اینڈ ڈی اور کمشنر لاہورکے نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -