اولمپین اسد ملک ٹریفک حادثے میں جاں بحق!

اولمپین اسد ملک ٹریفک حادثے میں جاں بحق!

  

شرق پور شریف روڈ پر ہونے والے ٹریفک حادثے میں سابق اولمپین اسد ملک جاں بحق اور ان کی صاحبزادی زخمی ہو گئیں۔ اسد ملک نے1964ء میں ہونے والی اولمپک کھیلوں کے دوران دو چاندی کے تمغے حاصل کئے تھے،حادثے میں ان کی وفات پر دُکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اسد ملک کے حادثے میں جاں بحق ہونے کی خبر سے سڑکوں پر ہونے والے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا ہے، کہ تعمیر و ترقی کے دور میں سڑکوں کی حالت بہتر ہونے اور نئی سڑکوں کی تعمیر کے بعد بھی حادثات جاری ہیں،بلکہ ان میں اضافہ بھی دیکھا جا رہا ہے۔ان میں کئی کئی افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ان میں بڑے حادثات بھی ہوئے اور درجنوں افراد ایک ایک حادثے میں اللہ کو پیارے ہوئے۔اب تک کے مشاہدے کے مطابق حادثات زیادہ تر تیز رفتاری کی وجہ سے ہوئے تو ان میں اکثر حادثات ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کے باعث پیش آئے،ہر حادثے کے بعد تحقیقات ہوتی،لیکن نتائج کا علم نہیں ہوتا۔ یہ ضروری ہو گیا کہ ایسے حادثات کو روکنے کے لئے تفصیلی جائزہ اور سروے کے بعد ایسے اقدامات ہوں کہ حادثات پر قابو پایا جا سکے۔

مزید :

رائے -اداریہ -