پشاور،عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی پلان تشکیل

    پشاور،عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی پلان تشکیل

  

پشاور(کرائمز رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے عید الاضحی کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر خصوصی سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی، کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے جانب سے جاری ہونے والے سکیورٹی پلان کے مطابق عید الااضحی کے دوران 5 ہزار سے زائد پولیس آفیسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، شہر میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کی خاطر اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں ہیں جبکہ سکیورٹی پلان کے مطابق شہر میں رائیڈرز سکواڈ اور پولیس موبائل گشت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کر نے کی ہدایت کی گئی ہے، شہر کے تمام اہم بازاروں اور شاہراہوں پر اضافی پولیس نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ مویشی منڈیوں اور شہر میں مشتبہ اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی خاطر سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے، منگل کے روز جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق شہر کے گنجان آباد بازاروں میں سنیفرڈاگز، لیڈیز پولیس اہلکار اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے علاوہ سٹی پٹرولنگ فورس اور پولیس بکتر بند گاڑیاں بھی گشت کریں گی، مویشی منڈیوں میں بھی امن و امان برقرارکھنے کی خاطر سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور سکیورٹی کو جامع بنانے کی خاطر تمام ڈویژنل ایس پیز کو سرائے اور ہوٹلوں میں قیام پذیر افراد پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اس ضمن میں عید سے قبل شہر کے اطراف میں انفارمیشن بیسڈ خصوصی ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات سمیت عید گاہوں اور شہر کے تمام حساس مساجد کو بھی فول پروف سکیورٹی فراہم کرتے ہوئے سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا،کیپٹل سٹی پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے سکیورٹی پلان کے تحت عید الاضحی کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کی خاطرمختلف بازاروں اور مویشی منڈیوں کے اطراف میں اضافی ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں سکیورٹی پلان کے مطابق عید کے ایام میں ٹریفک مسائل سے بچنے کی خاطر شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے کی بجائے مختص پارکنگ میں گاڑیاں پارک کریں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -