ڈیرہ میں مقررہ ہدف سے بڑھ کر پودے لگائیں گے،کمشنر یحییٰ اخونزادہ

ڈیرہ میں مقررہ ہدف سے بڑھ کر پودے لگائیں گے،کمشنر یحییٰ اخونزادہ

  

پشاور(سٹاف رپورٹر) کمشنر ڈیرہ ڈویژن یحییٰ اخونزادہ نے کہا ہے کہ" ٹائیگر فورس ٹری پلانٹیشن ڈے "کے موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں مختص کردہ ہدف سے بڑھ کر پودے لگائے جائیں گے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنر ز اور ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسرز سے "ٹائیگر فورس ٹری پلانٹیشن ڈے"کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں اسی سلسلے میں ایک آن لائن اجلاس بھی منعقد ہوا جس کی صدارت وزیر اعظم کے مشیر برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے کی جس میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے بھی شرکت کی۔ کمشنر ڈیرہ کی زیر صدارت منعقدہ فالو اپ اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک بھر میں دس لاکھ پودے اور درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے صوبہ خیبر پختونخوا میں پانچ لاکھ پودے لگائے جائیں گے کیونکہ گزشتہ شجرکاری مہموں کے دوران بھی صوبہ خیبر پختونخوا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہداف سے کہیں بڑھ کر شجرکاری کی تھی۔مزید بتایا گیا کہ 9اگست 2020کو "ٹائیگر فورس ٹری پلانٹیشن ڈے"کے موقع پر ڈیرہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں 33ہزار درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈی ایف اوز کی جانب سے اس ہدف سے زیادہ کے حصول کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مہم کے دوران شہری و دیہی تمام علاقوں میں شجرکاری کیلئے سائٹس کا انتخاب کیا گیا ہے اور عید الاضحی کے فوراً بعد آغاز کر دیا جائیگا۔شجرکاری مہم کے دوران یو کلپٹس، اولیو، کائل و دیگر انواع کے پودوں سمیت خوبصورتی کیلئے آرنمنٹل پلانٹس بھی لگائے جائیں گے جس کیلئے وافرمقدار میں پودے دستیاب ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ یحییٰ اخونزادہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران ٹائیگر فورس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بازاروں، یوٹیلٹی سٹورز، احساس سنٹرز و دیگر متفرق مقامات پر ایس او پیز کی پاسداری کرانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم شجرکاری مہم کے دوران جہاں ٹائیگر فورس کے نمائندے والنٹیر حصہ لے رہے ہیں وہیں سول سوسائٹی، سرکاری اہلکاروں، طلبا ء و دیگر والنٹیئرز کو بھی بڑھ چڑ ھ کر حصہ لینا چاہیے کیونکہ درخت لگانے سے جہاں ایک طرف ماحول خوشگوار ہوتا ہے وہیں درخت لگانا صدقہ جاریہ بھی ہے اور انشاء اللہ کلین اینڈ گرین پاکستان کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو پائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومتی پالیسی کے مطابق مقامی پودے لگائے جائیں کیونکہ انکی پیداوار اور نشو نما زیادہ فعال ہوتی ہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مہم کے دوران اربن سائٹس پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ مقرر کردہ ہدف سے زائد کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ابھی سے انتظامات کیے جائیں۔ ٹائیگر فورس والنٹیرز کیلئے صوبوں اور اضلاع کی بنیاد پر یونیفارم /جیکٹس بھی تقسیم کی جائیں گی جن پر لوگو ڈیزائن بھی ہوں گے تاکہ ملک بھر میں ایک مرکزی خیال نمایاں ہو۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون کا مظاہرہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -