افغان طالبا ن کا عید الاضحی پر 3دن جنگ بندی کا اعلان، افغان صدر کا بھی قیدیوں کی رہائی کا اعلان

افغان طالبا ن کا عید الاضحی پر 3دن جنگ بندی کا اعلان، افغان صدر کا بھی قیدیوں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کابل /اسلام آباد (این این آئی) افغان طالبان نے عید الاضحی کے موقع پر تین دن جنگ بندی کااعلان کر دیا ہے طالبان کے سیاسی ترجمان سہیل شاہین نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہاکہ طالبان جنگجوؤں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عید کے تین دن او تین راتوں کو افغان فورسز پر کوئی حملہ نہ کریں تاہم اگر دوسرے فریق کی جانب سے طالبان پر حملہ کیا گیا تو ان کا سخت جواب دیا جائے۔بیان میں کہاگیاکہ طالبان کو ہدایت کی گئی کہ وہ جنگ بندی کے درور ان حکومت کے کنٹرول والے علاقوں میں نہیں جا سکتے اور نہ ہی حکومتی عناصر کو طالبان کے زیر کنٹرول علاقوں میں آنے کی اجازت ہوگی۔ بیان میں طالبان سے کہاگیاکہ کہ وہ عید اپنے علاقوں میں عوام کے ساتھ امن اور اطمینان کے ساتھ گزاریں۔ طالبان بیان کے مطابق یہ فیصلہ افغان عوام کو عید کی خوشیاں پرامن ماحول میں گزار نے کیلئے کیا ہے۔ دریں اثناء طالبان کے سربراہ شیخ ہبت اللہ نے عید کے پیغام میں بین الافغانی مذاکرات شروع کر نے کے راستے میں تمام رکاوٹوں کو دور کر نے کا مطالبہ کیا ہے انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ امریکہ کے معاہدے کے بعد امریکہ نے افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعداد میں کمی ہے اور پانچ مراکز سے فوجیوں کو واپس بلایا ہے تاہم انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ معاہدے کے تحت باقی تمام فوجیوں کو بھی واپس بلائے۔ انہوں نے کہاکہ طالبان معاہدے پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔ایک اور پیشرفت میں افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کے باقی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا ہے۔ کابل میں سرکاری افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ طالبان کے تقریباً چھ سو قیدی بہت جلد رہا کر دیئے جائینگے اور انہیں امید ہے کہ تمام قیدیوں کی رہائی کا عمل ایک ہفتے میں مکمل ہو جائیگا۔انہوں نے طالبان سے مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔صدر اشرف غنی نے کہاکہ طالبان اور امریکہ معاہدے کے بعد طالبان نے حملوں میں اضافہ کیا اور گزشتہ چار ماہ میں بڑی تعداد میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو مارا گیا۔
جنگ بندی

مزید :

صفحہ اول -