مارکیٹوں کو بند کرنے کا فیصلہ قبول نہیں، حاجی محمد حنیف

مارکیٹوں کو بند کرنے کا فیصلہ قبول نہیں، حاجی محمد حنیف

  

لاہور(سٹی رپورٹر)صدر شاہ عالم مارکیٹس بورڈ و صدر ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن رنگ محل حاجی محمد حنیف نیکہا ہے کہمارکیٹوں کو بند کرنے کا فیصلہ قبول نہیں۔ تاجر حکومت کی طرف سے عید سے پہلے دکانیں بند کرنے کے فیصلے کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔کورونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے۔ عید سے پہلے دکانوں کو بند کرنے سے تاجروں کا ناقابل تلافی نقصان ہو گا، عوام کو مشکلات کا سامنا ہو گا جبکہ معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حاجی نذیر پیلس میں شاہ عالم مارکیٹس بورڈ کے تاجروں کے مشاورتی اجلاس میں کیا۔اجلاس میں نعیم حنیف، چوہدری مقصود احمد جنرل سیکرٹری، چوہدری سجاد، محمد فیاض، سیٹھ فرحان شفیق،توصیف نثار، فرحان علی چوہدری، شاہدنذیر، عارف محمود،شفیق پپو، انیس یونس،ندیم سلیم،محمود الحسن ککو، اسد عثمان، محمد رضوان، ناصر محمود، حافظ ذوالفقار، شیخ محمد امجد، فیصل بٹ و دیگر نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ کورونا کیسوں کی تعداد دن بدن کم ہو رہی ہے اس صورتحال میں عید سے قبل کاروبار بند رکھنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔پہلے ہی لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاجر برادری کوبھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور عید الاضحی نے ان کو ایک اچھا موقع فراہم کیا تھا کہ وہ ان دنوں کاروبار کر کے اپنے نقصان کی کچھ تلافی کرتے۔ تاہم عیدالاضحی سے پہلے کاروبار بند رکھنے سے نہ صرف تاجروں کا نقصان ہو گا بلکہ عوام کو خریداری میں مشکل ہو گی اور ہماری معیشت بھی مزید مسائل کا شکار ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نقصان اٹھانے کے باجود تاجر برادری نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مقامی انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔ایگزیکٹیو ممبر لاہور چیمبر نعیم حنیف نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحی تک ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کھلے رکھنے کی اجازت دیں تاکہ لوگ اپنی سہولت کے مطابق خریداری کر سکیں اور بازاروں میں رش پیدا نہ ہو۔ بزنس کمیونٹی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کررہی ہے لہذا حکومت انہیں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرے۔انہوں نے عوام پر بھی زور دیا کہ بازاروں کا رخ کرتے ہوئے ماسک پہنے رکھیں کیونکہ عید کے دنوں میں کرونا کو روکنے کے لئے ان کا تعاون بہت ضروری ہے۔

مزید :

کامرس -