کورونا کیخلاف بڑی کامیابیاں حاصل کیں،تیمور سلیم جھگڑا
پشاور(سٹاف رپورٹر)کورونا کے خلاف جاری جنگ میں بڑی کامیابی حاصل کررہے ہیں۔اس جنگ میں حکومت کا عملی طور پر ساتھ دینے اور بھرپور طور پر مدد کرنے پر پاکستان ہلال احمر اور ٹیلی نار پاکستان کے بے حد مشکور ہیں۔ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے پاکستان ہلال احمر کی جانب سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے طبی عملے کے لیے پی پی ایز کٹس کی فراہمی کی تقریب کے دوران کیا۔جہاں پاکستان ہلال احمر نے ٹیلی نار کے تعاون سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے طبی عملے کے لیے مجموعی طور پر 300حفاظتی کٹس فرا ہم کیے۔ جس میں 6ہزار گاون،چھ سو این 95ماسک، 9ہزار حفاظتی دستانے، 9 ہزار شور کور اور چھ سو گاگلز شامل ہیں۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عیدالاضحی اور محرم الحرام کے موقع پر ہمیں احتیاط سے کام لینا ہو گا۔ اگر عید کے بعد بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز کی شرح اسی طرح رہی تو بند کاروبار دوبارہ کھول دیں گے۔ اْنہوں نے کہا کہ عید پر لاک ڈاؤن یا بڑی مارکیٹوں پلازوں کو بند کرنے کے حوالے سے فیصلہ این سی او سی کے ساتھ مشاورت سے کریں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ محمود خان خان کی لیڈر شپ میں کورونا کے خلاف بڑی جنگ میں کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ تقریب میں پاکستان ہلال احمر کے مشیر برائے ری سورس موبائلزیشن امجد پرویز،ڈپٹی سیکرٹری آپریشن واصف جان، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمنسٹریشن حمیرا اقبال خٹک جبکہ ٹیلی نار پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر سیسٹینبلٹی فراز شاہد اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان ہلال احمر کے مشیر برائے ری سورس موبائلزیشن امجد پرویز نے کہا کہ پاکستان ہلال احمر آئینی ادارہ ہے جو ملک میں ہر قسم کے نامساعد حالات کے دوران اگے بڑھ کر بلاتفریق عوام کی خدمت کرتا ہے۔ جس نے گزشتہ سال کے دوران ملک میں 560ملین سے زائد کی لاگت سے لوگوں کی مختلف طریقوں سے معاونت کی ہے۔ جس میں انہیں ٹیلی نار پاکستان کا تعاون حاصل رہا ہے۔ پاکستان ہلال احمر کورونا سے نمٹنے کے لیے اب تک دو ایمرجنسی ہسپتال قائم کرچکی۔ اسی طرح کورونا کے خلاف جنگ میں ملک بھر میں پانچ لاکھ سے زائد این 95ماسک فراہم کئے ہیں جبکہ طبی عملے کے لیے 36ملین کی لاگت سے حفاظتی کٹس فراہم کی ہیں۔اسی طرح کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے 160ملین کی لاگت سے راشن کی تقسیم کا عمل بھی جاری ہے۔ اس موقع پر ٹیلی پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر سیسٹینبلٹی فراز شاہد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے خلاف صف اول کا کردار نبھانے والے طبی عملے کا اس جنگ میں جتنا بھی شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔ٹیلی نار پاکستان اس وقت کورونا کے خلاف جاری جنگ میں ہلال احمر پاکستان کے ساتھ ملکر شانہ بشانہ عوام کی مدد کررہی ہے۔ اس سے قبل پشاور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں طبی حفاظتی کٹس کی حوالگی کے موقع پر ہسپتال میڈیکل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے بتایا کہ ایچ ایم سی کورونا کے خلاف جنگ میں بھرپور طور پر کام کررہی ہے جس کی وجہ سے انہیں خاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی اور کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں ریکار ڈ کمی دیکھی جارہی ہے۔