تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا: سعید غنی

تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا: سعید غنی

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر سعید غنی کا دعوی ہے کہ شہر کے تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، تمام چوکنگ پوائنٹس کھول دیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، صوبائی وزرا نے اورنگی ٹاؤن نالے کے اوور فلو ہونے کی خبروں پر فوری نوٹس لیتے ہوئے وہاں تمام مشینری پہنچانے کی ہدایات دیں۔صوبائی وزرا کے ہمراہ سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی مسعود عالم، ڈی سی ویسٹ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران بھی موجود ہیں۔وزرا نے اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں سمیت پاک کالونی اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کے اطراف کے علاقوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں بارشوں کے بعد جمع شدہ پانی کی نکاسی کے کام کا جائزہ لیا۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہر کے زیادہ تر علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جہاں پر پانی جمع ہے وہاں مشینری اور تمام عملہ کو متعین کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بارشوں کے بعد تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا تھا۔سعید غنی نے کہا کہ بارشوں کے بعد اورنگی نالا اوور فلو ہوا ہے، جس پر وہاں تمام مشینری پہنچا دی گئی ہے۔ کچھ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے وہاں کام جاری ہے، البتہ شہر بھر کے زیادہ تر علاقوں میں صورتحال بہتر ہے۔

مزید :

صفحہ اول -