”بابراعظم مستقل مزاجی سے آگے بڑھتے رہے تو کئی کارنامے سرانجام دے سکتے ہیں“ بھارت کے معروف سابق کپتان بھی خاموش نہ رہ سکے

”بابراعظم مستقل مزاجی سے آگے بڑھتے رہے تو کئی کارنامے سرانجام دے سکتے ہیں“ ...
”بابراعظم مستقل مزاجی سے آگے بڑھتے رہے تو کئی کارنامے سرانجام دے سکتے ہیں“ بھارت کے معروف سابق کپتان بھی خاموش نہ رہ سکے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اظہر الدین کو بھی بابراعظم میں مستقبل کے عظیم بلے باز کی جھلک نظر آنے لگی ہے جن کا کہنا ہے کہ نوجوان کرکٹر مستقل مزاجی سے آگے بڑھتے رہے تو کئی کارنامے سرانجام دے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اظہرالدین نے کہا کہ بابر اعظم بہت اچھے کرکٹر ہیں اور ان میں اتنی صلاحیت ہے کہ پاکستان کے عظیم بیٹسمینوں میں جگہ بنا سکیں، وہ ابھی نوجوان اور ان کی بہت کرکٹ باقی ہے، مستقل مزاجی سے آگے بڑھتے رہے تو کئی کارنامہ سرانجام دے سکتے ہیں۔ ایک سوال پر سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ بابر اعظم کا ویرات کوہلی سے موازنہ درست نہیں، ہر کوئی اپنے زمانے کا بہترین کھلاڑی اور اس کا اپنا مزاج ہوتا ہے، میں موازنہ کرنے کے حق میں نہیں ہوں، جو بھی اچھا ہو اس کی بیٹنگ کا لطف اٹھانا اور تعریف کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی وجہ سے پاکستان میں کرکٹ ہو رہی ہے، سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ملک میں یہ مقابلے دیکھ کر نئے ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کی تحریک ملے گی۔ مستقبل میں پاک بھارت مقابلوں کے امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حکومتوں کا معاملہ ہے، دونوں پڑوسی ملکوں میں بات چیت شروع ہو، تب ہی سیریز بھی ممکن ہوسکتی ہے۔
اظہر الدین نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کی حکومت نہیں چاہ رہی تھی کہ کورونا کی صورتحال میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرے، اسی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میگا ایونٹ ملتوی کیا، مشکل وقت میں انگلینڈ نے کرکٹ کی بحالی کا اچھا فیصلہ کیا، سٹیڈیم میں شائقین نہیں لیکن انہیں ٹی وی پر کرکٹ دیکھنے کا موقع مل رہا ہے، نشریاتی حقوق کے معاہدے بھی بچ گئے، احتیاطی تدابیر کے حوالے سے دیگر ملک بھی انگلینڈ سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

مزید :

کھیل -