عید الاضحی پر جانوروں کی آلائشیں اکٹھی اور انکی تلفی کیلئے جامع پلان تشکیل
فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) فیصل آبادویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایف ڈبلیوایم سی) نے تمام افسران سمیت 4ہزار سینٹری ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں، عید الاضحی پر جانوروں کی آلائشیں اکٹھی کرنےاور ماحول دوست ا نداز میں انکی تلفی کیلئے جامع پلان تشکیل دے دیا ،عید الاضحی کے پہلے دن 474،دوسرے دن 439اور عید کے تیسرے دن 250چھوٹی و بڑی گاڑیاں آپریشن فلیٹ کا حصہ رہیں گی، عید کے تینوں دن گلی محلوں سے چھوٹی و بڑی گاڑیوں کی مدد سے آلائشوں کو ٹرانسفر سٹیشنز تک پہنچایا جائے گا بعد ازاں آلائشوں کوبڑے ڈمپرز کی مدد سے ڈمپ سائیٹ تک منتقل کیا جائے گا، صفائی پلان کے تحت ایف ڈبلیو ایم سی کی جانب سے پہلی مرتبہ ڈور ٹو ڈور ماحول دوست بیگ بھی تقسیم کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطا بق ضلعی انتظامیہ نے عید الاضحی پر صفائی انتظامات کیلئے پلان تشکیل دے دیا،عید پلان 3اگست تک جاری رہے گا ،عید سے قبل انتظامات میں شہر بھر میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام تمام مویشی منڈیوں میں ہیوی مشینری کے ساتھ ویسٹ ورکرز کی تعیناتی، مویشی منڈیوں میں صفائی و آگاہی کیمپوں کا قیام یونین کونسل کی سطح پر16ویسٹ ٹرانسفر سٹیشنز کا قیام ،یونین کونسلوں میں 40آگاہی کیمپ اور شہر کی بڑی مساجد اور عید گاہوں میں صفائی کے علاوہ چاند رات کو شہر کے اہم مقامات و مارکیٹوں میں زیرو ویسٹ آپریشن شامل ہے۔عید کے اختتام پر بڑی مقدار میں اکٹھے ہونے والی آلائشوں کو موئثر اور ماحول دوست طریقے سے تلف کرنے کے لیے خصوصی ڈمپنگ پوائنٹس اورشہر میں موجود اجتماعی قربان گاہوں کی مکینیکل واشنگ بھی پلان کا حصہ ہیں۔ خصوصی تیار کردہ بائیو ڈی گریڈ ایبل بیگ قربانی کے جانورں کی آلائشیں مناسب انداز میں ٹھکانے لگانے میں معاون ثابت ہوں گےعلاوہ ازیں یہ بیگز آگاہی سرگرمیوں کے دوران شہر کے اہم مقامات اورکیمپوں پر بھی دستیاب ہوں گے۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی ہدایات پرایف ڈبلیو ایم سی ہر صورت شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں سر گرم عمل ہے شہریوں کی سہولت کے لیے ادارے کی جانب سے عیدپر صفائی کے غیر معمولی اقدامات کیے جائینگے اور شہریوں کی شکایات پر فوری ازالہ ہو گا، دیگر ضلعی اداروں، منتخب نمائندوں،علماء اکرام اور بالخصوص شہریوں کے ساتھ عید پلان شیئر کرنے کے لیے ملاقاتیں بھی کی جارہی ہیں تاکہ بہترین نتائج یقینی بنائے جاسکیں۔ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن 1139اور سوشل میڈیا کو مکمل فعال رکھا جائے گا عید پر صفائی پلان کو ہر طرح سے جانچ پرکھ کر تیار کیا گیا ہے جس کے کامیاب اطلاق کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی لیکن اس میں حکومت کے عز م کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی اور شہریوں کا ساتھ بھی اشد ضرورت ہو گی۔