’میری بازار میں حارث رﺅف سے ملاقات ہوئی، ساتھ سیلفی لی لیکن پھر پتہ چلا اسے تو کورونا ہے‘ شہری نے سوشل میڈیا پر معروف کرکٹر کی تصویر لگائی تو ہنسی کا طوفان آگیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کہتے ہیں ناں کہ مذاق کی بھی کوئی حد ہوتی ہے۔ اب اس نوجوان کی سن لیں جس نے کرکٹر حارث رﺅف کے ساتھ لی گئی سیلفی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی اور اپنی طرف سے ازراہ تفنن ایسی بات کہہ ڈالی کہ جو لوگ سمجھ گئے، ان کے لبوں پر مسکراہٹ پھیل گئی مگر بیشتر برانگیختہ ہو گئے۔ اس نوجوان کا نام محمد شہاب غوری ہے جس نے اپنے فیس بک اکاﺅنٹ پر حارث رﺅف کے ساتھ لی گئی سیلفی پوسٹ کی۔
اس نے سیلفی کے ساتھ لکھا کہ ”آج ایف 6میں میری حارث رﺅف کے ساتھ ملاقات ہوئی اور میں نے اس کے ساتھ سیلفی لی۔ بعد میں گوگل پر میں نے سرچ کیا کہ اسے انگلینڈ کے خلاف سکواڈ میں شامل کیوں نہیں کیا گیا، تو مجھے معلوم ہوا کہ اسے کورونا وائرس ہے۔“نوجوان کی یہ پوسٹ آن کی آن میں وائرل ہو گئی اور لوگوں کے لیے تفریح طبع کا سامان کرنے لگی۔
نوجوان کی یہ پوسٹ ایسی وائرل ہوئی کہ پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی فیس بک صارفین اس پر میمز پوسٹ کررہے ہیں۔ تاہم کچھ لوگ جو سمجھ نہ پائے، وہ حارث رﺅف پر برسنے لگے۔ نوجوان کی یہ پوسٹ Redditپر پوسٹ کی گئی تو کمنٹس میں ایسے ہی ایک شخص نے لکھا کہ ”اگر اسے کورونا وائر س ہے تو یہ احمق باہر کیوں گھوم رہا ہے۔ اسے گرفتار کرکے گھر میں بند کر دینا چاہیے۔ اسے معلوم ہونا چاہیے کہ وہ لوگوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔“بھارت اخبار انڈیا ٹوڈے نے بھی اس پوسٹ کو حقیقت سمجھ کر سرخی جما دی کہ ”پاکستانی فینز کورونا وائرس پازیٹو کرکٹرز کے ساتھ سیلفیاں لینے لگے۔“