دیامر میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی
گلگت (ویب ڈیسک) دیامر میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے ، بارشوں کی وجہ سے وادی بابو سر، نیاٹ تھک، وادی بٹو گاہ، وادی کھنر، وادی گونر فارم اور بونرداس کی وادیوں میں لوگوں کے متعدد مکانات، اراضی، باغات اور کھڑی فصلیں سیلابی ریلے کی نذر ہوگئی ہیں۔
اس کے علاوہ شاہراہ قراقرم، شاہراہ بابوسر مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بلاک ہوگئی ہیں جبکہ سیکڑوں سیاح اور مقامی افراد پھنس گئے ہیں۔ آزاد کشمیر میں بھی طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جبکہ سب ڈویژن پٹہکا کے کہوڑی نالے میں طغیانی سے واٹر ولیج پارک مکمل تباہ ہوگیا اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم بند ہوگئی۔
علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔