آزاد کشمیر انتخابات اور سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو شکست ،فرخ حبیب نے ایسی بات کہہ دی مریم نواز بھی تلملا اٹھیں 

آزاد کشمیر انتخابات اور سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو شکست ،فرخ حبیب نے ...
آزاد کشمیر انتخابات اور سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو شکست ،فرخ حبیب نے ایسی بات کہہ دی مریم نواز بھی تلملا اٹھیں 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک کے عوام وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کرتے ہیں، پی ٹی آئی کے ووٹ بینک میں اضافہ جبکہ (ن) لیگ کا کم ہوا ہے، مسلم لیگ (ن) کے نفرت انگیز بیانیہ کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کو آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں بدترین شکست ہوئی، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر ملک کے اداروں کے خلاف بیانات اور الزامات لگاتے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےفرخ حبیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست اور بیانیہ کو آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات شکست ہوئی ہے، اس کے بعد اب ن لیگ کو سیالکوٹ کے الیکشن  میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا، مسلم لیگ ن کے بلند و بانگ دعوؤں کو سیالکوٹ کے عوام نے خاک میں ملا دیا، آزاد کشمیر کے انتخابات میں ویلی اور جموں کی نشستوں گوجرانوالہ، منڈی بہاؤ الدین، گجرات اور نارووال سے بھی مسلم لیگ ن کو شکست ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ملک دشمن اور پاکستان کے خلاف بدزبانی کرنے والے افغان سلامتی مشیر حمد اللہ محب جیسے لوگوں کے ساتھ ملاقات کرتے ہیں اور اس کے بعد اس ملاقات کی تشہیر بھی کی جاتی ہے، ملک کے عوام باشعور ہیں اور وہ ان سب چیزوں کو دیکھ کر فیصلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے آزاد جموں و کشمیر میں آزادانہ طور پر انتخابی مہم چلائی، مختلف علاقوں میں جلسے جلوس کئے، مریم نواز نے انتخابی مہم کے دوران آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی پانچ سالہ حکومت کی کارکردگی کے بارے میں بات نہیں کی، انہوں نے مودی اور آر ایس ایس کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، حریت رہنماؤں کی حمایت میں کوئی بات نہیں کی، یہی وجہ ہے کہ عوام نے ان کے ذاتیات پر مبنی بیانیہ کو مسترد کر دیا، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اب دوسری اور تیسری پوزیشن کے لئے لڑا کریں گے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب  نے کہا کہ ملک کے عوام وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کرتے ہیں، کشمیر کے انتخابات ہوں یا دیگر ضمنی انتخابات پی ٹی آئی کے ووٹ بینک میں اضافہ ہو رہا ہے، ملک کے عوام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن اور پرامید ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے بیانیہ میں کوئی جان نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ کے بیانات بھارت میں شہ سرخیاں ہوتے ہیں، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر ملک کے اداروں کے خلاف بیانات اور الزامات لگاتے ہیں، مسلم لیگ ن والوں کو اداروں سے یہ مسئلہ ہے کہ ادارے ان کی کرپشن پر پردہ کیوں نہیں ڈالتے اور ادارے ان کو این آر او حاصل کرنے میں مدد کیوں نہیں کرتے؟ اس لئے یہ لوگ اداروں کے خلاف بیانات اور الزمات لگاتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -