سکھیکی،خاتون سے بداخلاقی کرنیوالے ملزم کا خاکہ جاری
حافظ آباد، سکھیکی(نمائندہ پاکستان، نامہ نگار) مڑھ بلوچاں روڈ پر 24 جولائی کو دوران ڈکیتی خاوند اور بیٹی کے سامنے خاتون سے بداخلاقی کرنے والے ایک ملزم کا پولیس نے خاکہ جاری کردیا۔جبکہ دوسری جانب وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر وویمین پروٹیکشن کمیٹی پنجاب کے چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے حافظ آباد پہنچ کر متاثرہ خاتون کے ساتھ ساتھ ڈی پی او فیصل گلزار اور ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد سے ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے ڈی پی او کو ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاتون کو سائیکلوجی ٹریٹمنٹ مہیا کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ وہ اس وقوعہ کے صدمے سے باہر نکل سکے۔ملزم کا خاکہ متاثرہ خاندان کی مدد سے تیا ر کیا گیا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خاکہ کے مطابق یا اس سے ملتے جلتے حلیہ کے افراد کی اطلاع پولیس کو دے کر ملزم کی گرفتاری میں مدد کریں، پولیس ترجمان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
اس موقع پر ڈی پی او فیصل گلزار نے حنا پرویز بٹ کو بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے اسوقت پولیس کی چھ ٹیمیں دن رات کام کررہی ہیں اور ہر بارہ گھنٹے بعد انکی پراگرس کو جانچاجارہاہے۔خداوندکریم کے فضل وکرم سے ملزمان کو بہت جلد گرفتارکرکے سامنے لے آئیں گے۔
