آئی ٹی سیکیورٹی اسٹینڈرڈز پر مقامی ہوٹل میں ورکشاپ کا انعقاد
کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی(پی ایس کیوسی اے)کی جانب سے آئی ٹی سیکیورٹی اسٹینڈرڈزپرمقامی ہوٹل میں ورکشاپ کا انعقادکیاگیا۔جس میں پاکستان میں آئی ٹی کے بنیادی ڈھانچے کی حفاظت اور بھروسے کو بڑھانے کے لیے نئے منظور شدہ آئی ٹی سیکیورٹی معیارات پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ورکشاپ میں اس بات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی کہ کرپٹوگرافک اور آئی ٹی سیکیورٹی مصنوعات اور خدمات پاکستان کے توثیق شدہ مصنوعات اور خدمات کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے لازمی سیکورٹی اور تکنیکی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ ورکشاپ کی میزبانی پی ایس کیوسی اے کے میڈیا ڈویژن کے انچارج مجیب الرحمان سولنگی نے کی اور اس کا آغاز مولوی عبدالنبی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔پی ایس کیوسی اے کے ڈائریکٹر کنفرمٹی اسسمنٹ محمد اشرف پالاری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ڈپٹی ڈائریکٹر محترمہ انجم پروین نے افتتاحی کلمات کہے اور ورکشاپ کے مقاصد بیان کے۔ بریگیڈیئراین ٹی آئی ایس بی کے سیکرٹری بریگیڈیئر رانا فرخ سلیم نے این ٹی آئی ایس بی کا جائزہ پیش کیا جبکہ نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (این سی ای آر ٹی)کے پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر حیدر عباس نے حاضرین کو این سی ای آر ٹی پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔ پاکستان سیکیورٹی اسٹینڈرڈزکی محترمہ عروسہ کرن نے بھی بریفنگ اپنے ادارے کے کام پر بریف کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیوسی اے توفیق علی عباسی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔
