سکھر، ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سیشن کا انعقاد
سکھر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) (ہیپاٹائٹس) کے عالمی دن کے حوالے سے معروف سماجی تنظیم ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ نے سکھر پریس کلب میں آگاہی سیشن کا انعقاد کیاگیاتقریب کے مہمان خاص ڈاکٹر وزیر علی پھل (ڈی ایچ او سکھر)، ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن (اے ایم ایس سول ہسپتال سکھر)، حارث مسعود (ایریا منیجر اپر سندھ ایچ آر ڈی) اور ظہیر آصف لودھی (صدر پریس کلب) نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کے دوران مقررین نے اس مہلک مرض کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے جن کی تعداد 88 لاکھ ہے۔ جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔ اس مرض سے ہر سال ایک لاکھ 20 ہزار مریض موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، اس کی بڑی وجہ بچوں میں اس کی ویکسینیشن سے بچنا ہے، ہمارے صرف 77 فیصد بچوں کو یہ ویکسین دی جاتی ہے اسی طرح انجیکشن سرنجوں کے دوبارہ استعمال، خون کے تبادلے، سرجیکل آپریشن اور حجاموں سے یہ بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ ہم بہت چھوٹے اقدامات کر کے خود کو اور اپنے خاندان کو اس بیماری سے بچا سکتے ہیں۔ان تدابیر اور علاج کے حوالے سے حاضرین کو رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔انہوں نے ایچ آر ڈی کے اقدام کو بھی سراہا اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔اس پروگرام میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
