آئی ڈی پیز کے لئے 50کروڑ روپے سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ کا قیام
پاکستان کی بہادر افواج ملک کے لئے دائمی امن اور بقاءکے قیام کی خاطر شمالی وزیرستان میں برسرپیکار ہےں-شمالی وزیرستان میں ضرب عضب کے نام سے شروع کئے جانے والے اس آپریشن کا مقصد ملک کو عرصہ دراز سے اپنے شکنجے میں لینے والی دہشت گردی سے نجات دلانا ہے- اس دہشت گردی نے نہ صرف ملک کی قومی سلامتی پر کاری ضرب لگائی، اقوام عالم میں پاکستان کا تشخص بری طرح مجروح کیا بلکہ ملکی سطح پر بھی انسانی جانوں کے ضیاع ، قومی معیشت اور سرمایہ کاری کے زوال کا باعث بنی-یہ آپریشن اس لئے بھی ضروری تھا کیونکہ ملکی و غیرملکی دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کو پناہ گاہ بنا کر نہ صرف مقامی آبادی کو دہشت زدہ کئے رکھا بلکہ پاکستان کے قومی و مالی اثاثوں اور قیمتی انسانی جانوں کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا-شمالی وزیرستان میں شروع کئے گئے آپریشن کی وجہ سے اب تک 4لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں جنہیں شدید گرمی اور نامصائب حالات میں محفوظ علاقوں کی طرف ہجرت کرنا پڑی ہے-وفاقی حکومت ، پاک فوج کے جوان اور تمام شعبہ ہائے زندگی کا ہر باشعور شہری اپنے ان بے گھر بہن بھائیوں کو ریلیف کی فراہمی اور آبادکاری کے لئے اپنی اپنی سطح پر قومی فریضہ انجام دے رہا ہے -ہر خاندان کو 7ہزار روپے ماہانہ اور ایک ماہ کا راشن فراہم کیا جارہا ہے جبکہ نادرا بے گھر افراد کو شناختی کارڈ بھی جاری کررہا ہے اور ان آئی ڈی پیز کی سیکورٹی بھی یقینی بنائی جارہی ہے-
وزیراعلی محمد شہباز شریف جنہوں نے مشکل کی ہرگھڑی میں چاہے وہ قدرتی آفات ہوں یا کوئی بھی سنگین صورتحال، ملی یکجہتی اور اخوت کو فروغ دے کر متاثرہ افراد کی بروقت امداد کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے-حکومت پنجاب مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے بے گھر ہونے والے متاثرین کے ساتھ ہے-یہی وجہ ہے کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں نقل مکانی پر مجبور ہونے والے پختون بہن بھائیوں کیلئے 50 کروڑ روپے سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ قائم کر دیا ہے۔ پنجاب کابینہ اور اراکین اسمبلی نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے بے گھر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کیلئے 10 کروڑ روپے مالیت کی امدادی اشیاءبھجوائی دی گئیں ہیں۔ امدادی پیکیج میں چاول، آٹا، دالیں اور دیگر ضروری اشیاءپر مشتمل 50 ٹرکوں کی پہلی کھیپ گزشتہ دنوں روانہ کر دی گئی۔امید افزاءبات یہ ہے کہ محمد شہباز شریف نے عندیہ دیا ہے کہ بھجوائی جانے والی اس امدادی کھیپ کے علاوہ جو بھی مزید امدادی سامان درکار ہوگا حکومت پنجاب شمالی وزیرستان کے بھائیوں کیلئے فراہم کرے گی۔ انہوں نے صاحب ثروت اور مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی فراخدلانہ مدد کریں اور ان کیلئے قائم کردہ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں۔
وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا ماڈل ٹاﺅن سے شمالی وزیرستان کے نقل مکانی پر مجبور ہونے والے بہن بھائیوں کیلئے امدادی اشیاءکے ٹرک روانہ کرنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاک افواج کے افسران اور جوان دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ وہ پاکستان کی بقا، سلامتی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ پوری قوم کی دعائیں افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ قوم وطن عزیز کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے عظیم مقصد کیلئے قربانیاں دے رہی ہے۔ انشاءاللہ پاکستان سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ ہوگا اور ملک امن کا گہوارہ بنے گا۔وزیراعلی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے گھر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ 18 کروڑ عوام متاثرین شمالی وزیرستان کے ساتھ ہیں۔ پنجاب حکومت نے شمالی وزیرستان کے بھائیوں کیلئے 2 ہزار خیمے، 20 کلوگرام آٹے کے 20 ہزار تھیلے، 20کلوگرام چاول کے 14 ہزار تھیلے جبکہ 20 ہزار فوڈ ہیمپرز بھجوائے ہیں۔ امدادی سامان کی مناسب اور بروقت فراہمی کیلئے عوامی نمائندوں پر مشتمل صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو وفاقی حکومت اور شمالی وزیرستان کے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں رہے گی تاکہ ان کی ضروریات پر فوری عملدرآمد کیا جا سکے۔ امدادی اشیاءبھجوانے کے علاوہ نقد رقوم کی صورت میں امداد بھجوانے پر بھی سوچ بچارجاری ہے تاکہ بے گھر ہونے والے افراد اپنی ضروریات کے مطابق اشیائے ضروریہ خرید سکیں۔ محمد شہباز شریف نے اپیل کی کہ صاحب ثروت بھی آگے آئیں اور بے گھر ہونے والے افراد کی بھرپور مدد کریں۔ پنجاب حکومت بے گھر ہونے والے افراد کی اپنے گھروں میں واپسی اور مکمل بحالی تک بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔خیبرپختونخوا کے آئی ڈی پیز کے لئے قائم کردہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں وزیراعلی پنجاب، صوبائی وزراءاور اراکین اسمبلی نے اپنی ایک ایک ماہ کی تنخواہ بھی جمع کروائی ہے-یہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ بنک آف پنجاب سول سیکرٹریٹ لاہور برانچ میں اکاﺅنٹ نمبرCD0047310002کے تحت قائم کیا گیا ہے- ضرورت اس امر کی ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہم سب اپنے جان و مال کے ساتھ اپنے پاک فوج کے جوانوں ، غازیوں ، شہیدوں اور بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں اوردعا ہے کہ اللہ تعالیٰ نقل مکانی پر مجبور ہونے والے ہمارے پختون بہن بھائیوں کی مشکل کو جلد ختم کرے اور وہ اپنے گھروں میں پھر سے آباد ہوں۔ دہشت گردوں کے خلاف یہ جنگ شمالی وزیرستان میں امن کے مستقل قیام اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہنی چاہیے تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کے فروغ کے لئے سرگرمیاں ایک بار پھر جاری و ساری ہوسکیں-وزیراعلی محمد شہباز شریف کے بین الصوبائی جذبے کا اس سے بڑا اظہار اور کیا ہوگا کہ ان کا عزم ہے کہ تمام متاثرین کی مکمل بحالی تک امداد اور ریلیف کا یہ سلسلہ جاری رہے گا -پنجاب کی حکومت اور عوام نے مصیبت کی گھڑی میں اپنے خیرپختونخوا کے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑا اور ریلیف کی فراہمی کے کاموں میں پیش پیش رہے ہیں-بلاشبہ شہباز شریف نے قدرتی آفات اور مصیبت کی ہر گھڑی میں ملک بھر میں عوام کا حقیقی خادم بن کر بین الصوبائی جذبہ کے تحت اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کی بے مثال خدمت کی ہے جسے لوگ ہمیشہ یاد رکھیں گے-