پاکستان اور آسٹریلیا کی دو طرفہ تجارت میں 210ملین ڈالر کا اضافہ
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور آسٹریلیا کی دو طرفہ تجارت میں ایک سال کے دوران 210 ملین ڈالرکا اضافہ ہوا ہے۔ سال 2014ء کے دوران دونوں ممالک کی باہمی تجارت504 ملین ڈالر رہی تھی جو سال 2015ء کے دوران 714 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔آسٹریلین ٹریڈ اینڈ انویسمنٹ کمیشن کے سینئر انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کمشنر جان میڈیو نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی 2 طرفہ تجارت میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیار کی جانے والی مصنوعات کی آسٹریلیا میں طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک سال کے دوران آسٹریلیا کی درآمدا ت 337 ملین ڈالر سے 538 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کو کی جانے والی پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے تاہم ان میں مزید اضافہ کے امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر و صنعت کار برادری مشترکہ منصوبوں کے ذریعہ پاک آسٹریلیا دو طرفہ تجارت اور معاشی رابطوں کو فروغ دے سکتی ہے۔