پیرس میں مظاہروں پر پابندی عائد
پیرس (اے پی پی) فرانس کے صدر نے کہاہے کہ پیرس میں لیبرقانون میں اصلاح کے بل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔فرانسیسی حکومت کے ترجمان اسٹیفن لوفول کا کہنا ہے کہ فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ جب تک مظاہروں کے دوران لوگوں کی جان اور ان کی املاک کے تحفظ اور سیکیورٹی کو یقینی نہیں بنالیا جاتا اس وقت تک پیرس میں لیبرقانون میں اصلاح کے خلاف مظاہرے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
اس درمیان گذشتہ 14 جون کو پیرس میں ہوئے پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر پیرس پولیس کے سربراہ نے بھی اعلان کیاہے کہ مظاہروں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دوسری جانب فرانس کی لیبریونینوں نے ان پابندیوں کے باوجود اعلان کیا ہے کہ آج 24 جون اور28 جون کو پیرس میں مظاہرے کئے جائیں گے ۔ لیبرقانون میں اصلاح کا بل 29 جون کو فرانس کی سینیٹ میں پیش کیاجائے گا جس کے بعد 5 جولائی کو دوبارہ یہ بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا ۔