سری نگر ، بھارتی فو ج کی فائرنگ سے 2کشمیری نوجوان شہید ، کیپٹن سمیت 3اہلکار زخمی

سری نگر ، بھارتی فو ج کی فائرنگ سے 2کشمیری نوجوان شہید ، کیپٹن سمیت 3اہلکار ...

سرینگر(اے این این ) مقبوضہ کشمیر میں عید کے دوران بھی آگ اور خون کا بازار گرم رہا،دو نوجوان مجاہد قرار دے کر شہید،کیپٹن سمیت3 زخمی،یاسین ملک نے عید سلاخوں کے پیچھے گزاری ،سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق سمیت چوٹی کی حریت قیادت گھروں میں نظر بند ، وادی میں عید کے جشن کے بجائے لوگوں نے شہداء کا سوگ منایا،کاروباری و تجارتی مراکز بند رہے ،وادی میں موبائل ،انٹرنیٹ اور ریل سروس معطل رہی ،بیرونی فنڈنگ کے الزام میں سید علی گیلانی کے داماد الطاف شاہ،حریت ترجمان ایاز اکبر اور سینئر رہنما معراج الدین کلوال گرفتار،نئی دہلی منتقل ۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز نے عید کے دوران بھی ظلم و ستم جاری رکھے اس دوران دوکشمیری نوجوانوں کو مجاہد قرار دے کر شہید کر دیا جبکہ مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک کیپٹن سمیت3اہلکار زخمی ہو ئے ۔وادی میں تعینات بھارتی فوج کے مطابق عید کی رات بائی پاس چوک پانتھہ میں مجاہدین نے فوجی قافلے پر فائرنگ کر کے ایک فوجی افسر سہاب شکلا کو ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا تھا جس کے بعد حملہ آوروں نے قریب ہی واقعہ دہلی پبلک سکول کی خالی عمارت میں پناہ لے لی تھی۔قابض فوج نے بعد میں ان مبینہ مجاہدین کا محاصرہ کر کے انھیں ہتھیار ڈالنے کا کہا تاہم انھوں نے پھر سے فائرنگ شروع کر دی ۔ محصور جنگجوں اور فوج کے درمیان 18گھنٹے تک جاری رہنے والی معرکہ آرائی میں 2جنگجو جاں بحق اور فوجی افسر سمیت3اہلکار زخمی ہوئے۔ء لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ چاند رات کو پولیس کی بھاری جمعیت نے ان کے گھر کا گھیراؤ کیا اور انہیں گرفتار کرلینے کے بعد فورا سرینگر سینٹرل جیل منتقل کیا ۔ انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل منتقل کیا گیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے سربراہان سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق سمیت چوٹی کی حریت قیادت کو عید کے روز بھی نظر بند رکھا گیا ۔عید کے دوران مقبوضہ وادی میں انٹر نیٹ اور موبائل سروس بھی بند رہی جس کے باعث لوگ دور درواز علاقوں اور ملک سے باہر رہنے والے اپنے پیاروں سے رابطہ نہیں کر پائے ۔ ۔ انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے باعث صارفین خاص طور پر طلباء، سیاحوں ، پیشہ ور افراد خاص طور پر صحافیوں اورتاجروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جبکہ انٹرنیٹ خدمات کی بار بار کی معطلی کے سبب وادی میں ای بینکنگ اور ای شاپنگ کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے۔ وادی میں انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کو ای(الیکٹرانک)کرفیو کا نام دیا گیا ہے۔ عید کے دوران وادی میں ریل سروس بھی معطل رہی ۔ادھر غیر ملکی فنڈصنگ کے الزام میں سید علی گیلانی کے داماد سید الطاف شاہ،حریت ترجمان سید ایاز اکبر اور معراج الدین کلوال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔انھیں بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے حراست میں لے کر نئی دہلی منتقل کیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

دو نوجوان شہید

مزید : علاقائی