ڈاکٹرعشرت العباد نے14سال بعد ملک سے باہر عید منائی

ڈاکٹرعشرت العباد نے14سال بعد ملک سے باہر عید منائی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے 14 سال بعد ملک سے باہر دبئی میں عیدالفطر کی نمازعید ادا کی۔ اس موقع پر د بئی کی حکمران خاندان کی اہم شخصیات سمیت دبئی میں مقیم پاکستانیوں نے بھی سابق گورنر سے ملاقات کی اور عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ قبل ازیں ڈاکٹر عشرت العباد خان کا گزشتہ 14 سال تک گورنر سندھ کے منصب پر فائز رہنے کے دوران باغ جناح میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد گورنر ہاؤس میں شہر کی معروف شخصیات سمیت عام شہریوں سے ملاقات ان کا معمول تھا۔ دبئی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ان کا اپنے ملک میں عید منانا اور شہریوں سے ملنا بہت یاد آیا۔ تاہم ان کے پاکستان خصوصاً کراچی میں اپنے تمام سیاسی اور غیر سیاسی دوستوں سے ٹیلی فون پر رابطے ہیں اور انہوں نے سیاسی وغیر سیاسی دوستوں کو ٹیلی فون کے ذریعے عیدالفطر کی مبارکباد بھی دی ہے اور ان سے ملک کی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیا ہے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ انہیں پارا چنار میں دہشت گردی کے واقعہ اور احمد پور شرقیہ کے افسوسناک سانحے پر شدید دکھ اور افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید چونکہ ایک مذہبی تہوار ہے تاہم بہاولپور، کوئٹہ اور پارہ چنار کے واقعات کے سبب یہ تہوار انتہائی دکھ کے ساتھ منایا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ بہاولپور، کوئٹہ اور پارہ چنار کے شہیدوں کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور یہ دکھ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

مزید :

علاقائی -