مودی سرکار نے سکھ یاتریوں کو اس سال پھر پاکستان آنے سے روک دیا ، اٹاری ریلوے سٹیشن پر یاتری سراپااحتجاج

مودی سرکار نے سکھ یاتریوں کو اس سال پھر پاکستان آنے سے روک دیا ، اٹاری ریلوے ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)مودی سرکار نے اس سال پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک دیا، اٹاری ریلوے سٹیشن پرجمع یاتری بھارت کی اس زیادتی پر سراپا احتجاج ہیں۔ پاکستان ریلوے کی خصوصی ٹرین سال میں تین بار سکھ یاتریوں کو اٹاری سٹیشن (بھارت) سے پاکستان لے کر آتی ہے۔ اس سال شیڈول کے مطابق اٹھائیس جون کو سکھ یاتریوں نے پاکستان ریلوے کی خصوصی ٹرین کے ذریعے لاہور آنا تھا، لیکن پچھلے سال کی طرح اس سال بھی بھارت نے پاکستان ریلوے کی خصوصی ٹرین کو بھارت میں داخلے کی اجازت نہیں دی اور یہی ہٹ دھرمی پچھلے ماہ بھی دکھائی گئی۔تفصیلات کے مطابق 1974 میں دستخط کئے گئے پاک بھارت پروٹوکول کے تحت پاکستانی ہائی کمیشن ہر سال سکھ یاتریوں کو پاکستان میں منعقد ہونے والی مذہبی تقریبات میں شرکت کے لئے ویزے جاری کرتا ہے۔ اس سال مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی دس روزہ تقریبات میں شرکت کے لیے تین سو سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے۔ پچھلے سال بھی تین سو پچاس سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے تھے لیکن دونوں بار انہیں پاکستان جانے سے روک دیا گیا۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلوے کے حکام کو سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت اور سکیورٹی دینے کی ہدایات جاری کیں۔دس بوگیوں پہ مشتمل پاکستان ریلوے کی خصوصی ٹرین اس وقت واہگہ ریلوے سٹیشن پرکھڑی ہے۔ اس کے علاوہ ڈی آئی جی ریلوے پولیس شارق جمال خان کے مطابق عید کے دنوں میں بھی ڈیڑھ سو ریلوے پولیس کے اہلکار اور افسران سکھ یاتریوں کی خصوصی سیکیورٹی پر تعینات ہیں اور تمام متعلقہ سٹیشنوں پر بھی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ بہترین انتظامات کے باوجود شیڈول سے ایک دن قبل ہی بھارتی ریلوے بورڈ نے پاکستان ریلوے کی خصوصی ٹرین کو بھارت کی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔ اطلاعات کے مطابق اس وقت اٹاری ریلوے سٹیشن پرجمع سکھ یاتری بھارت کی اس زیادتی پر سراپا احتجاج ہیں۔

سکھ یاتری

مزید : علاقائی