دشمنوں کو کسی صورت امن خراب نہیں کرنے دیں گے ، ایئر چیف مارشل سہیل امان
اسلام آباد (صباح نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ افواج نے قوم کے ساتھ ملکر بڑی قربانیاں دے کر امن قائم کیا ہے او رہم دشمنوں کو کسی صورت میں اسے خراب نہیں کرنے دیں گے،پاک فضائیہ ہر صورت میں دشمن کی جانب سے کی جانے والی فضائی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر جواب دیتی رہے گی،پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے عید کے مقدس موقع پر پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس کا دورہ کیا اور عید کا دن پاک فضائیہ کے افراد کے ساتھ گزارا۔ائیر چیف ڈیوٹی پر موجود پائلٹس،ائیرمن،ٹیکنیشنزاور سویلینز سے ملے اور انکے جذبے اور پیشہ ورانہ مہار ت کو سراہا۔ پاک فضائیہ کے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے قوم کے ساتھ ملکر بڑی قربانیاں دے کر امن قائم کیا ہے او رہم دشمنوں کو کسی صورت میں اسے خراب نہیں کرنے دیں گے۔ملکی سیکورٹی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ممالک کو پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے کی بجائے اپنے ممالک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی سالمیت کو اولین ترجیح دیتے ہیں اور پاک فضائیہ ہر صورت میں دشمن کی جانب سے کی جانے والی فضائی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر جواب دیتی رہے گی اور ملکی فضائی سرحدوں کی نگہبانی کا اہم فریضہ بخوبی انجام دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور بھرپور عزم کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی سالمیت اور فضائی سرحدوں کی حفاظت کی ہے اور کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم بحیثیت قوم امن پسند لوگ ہیں لیکن کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں دشمن کو اس کا بھر پور اندازمیں جواب دیا جائے گا۔
سہیل امان