مقبوضہ کشمیر ، کیبل کار پر درخت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4افراد سمیت 7ہلاک

مقبوضہ کشمیر ، کیبل کار پر درخت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4افراد سمیت 7ہلاک

سرینگر(اے این این) مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں تیز آندھی سے گنڈولہ کیبل کار کے ایک کیبن پر بھاری درخت گرا، جس کے نتیجے میں ایک ہی کنبے کے 4افراد سمیت 7 لوگ مارے گئے۔معلوم ہوا ہے کہ اتوار بعد دوپہر گلمرگ میں تیز آندھی چلی جس کے باعث ایک درخت گنڈولہ کے ایک کیبن پر گرا ،جس کے نتیجے میں سیر و تفریح کیلئے دلی سے آیا ایک کنبہ صفحہ ہستی سے مٹ گیا۔بتایا جاتا ہے کہ اس دلدوز حادثے میں تین کشمیری بھی مارے گئے جن میں سے ایک گائیڈ کے طور پر مذکورہ کنبے کیساتھ تھا۔مرنے والوں کی شناخت جینت انراسکرشالیمار باغ دلی،اسکی اہلیہ منیشا،اسکی دو معصوم بیٹیاں اناگہ اور جانوی، مختار احمد گنائی ساکن چونٹی پتھری،فاروق احمد چوپان ساکن اباتو بارہمولہ اورجہانگیر احمد کھانڈے ساکن وارپورہ ٹنگمرگ کے بطور ہوئی ہے۔اس دلدوز حادثے کی وجہ سے گنڈولہ کئی گھنٹوں تک رک گیا اوت قریب چار گھنٹے کے بعد اسے دوبارہ قابل کار بنایا گیا تب تک درجنوں سیاح گنڈولہ کے ڈبوں میں درماندہ تھے۔مارے گئے افراد کو نکالنے اور درماندہ سیاحوں کو نیچے لانے کیلئے بچار ٹیمیں پہنچ گئیں اور پولیس نے قابل قدر کارروائی کر کے لاشوں کو باہر نکالا اور انتہایہ شدید مشکلات میں بچاو کارروائیوں کو انجام دیا۔معلوم ہوا ہے کہ شام دیر گئے تک سیاحوں کو گنڈولہ سیکنڈ سے نیچے لانے کے لئے پولیس کارروائی کررہی تھی۔ادھر مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے گلمرگ میں پیش آئے درد ناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ حادثے میں وادی کی سیر پر آئے ہوئے ایک ہی کنبہ کے 4 افراد اور 3 مقامی نوجوان جانبحق ہو گئے جو کہ گلمرگ گنڈولہ کی سواری کر رہے تھے ۔ محبوبہ مفتی جو کہ بچاو کارروائی کی بذات خود نگرانی کر رہی تھیں ، نے جانبحق ہوئے افراد کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ریلیف دینے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے اعلی سطحی جانچ کا بھی حکم دیا ۔محبوبہ مفتی نے حادثے میں جانبحق ہوئے تین مقامی نوجوانوں کے غمزدہ کنبوں سے بھی دکھ کا اظہار کیا ۔ حادثے کی خبر ملنے کے فورا بعد ڈویژنل کمشنر کی سربراہی میں اعلی سطحی ٹیم نے موقعہ پر پہنچ کر بچاؤ کارروائی کی نگرانی کی ۔ حادثے میں جانبحق ہوئے افراد کے جسدِ خاکی کو ان کے گھر پہنچایا جا رہا ہے جبکہ زخمیوں کو ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔

حادثہ

مزید : علاقائی